سیکرٹری لائیو سٹاک پنجاب احمد عزیز تارڑ نے کہا ہے کہ محکمہ لائیو سٹاک اینڈ ڈیری ڈویلپمنٹ پنجاب کی کامیابی کا اصل محور اس کے فیلڈ افسران اور اہلکار ہیں
بہترکارکردگی دکھانے والے اہلکار محکمہ لائیو سٹاک کا قیمتی سرمایہ ہیں، احمد عزیز تارڑ

مزید خبریں
لاہور۔8جولائی (اے پی پی):سیکرٹری لائیو سٹاک پنجاب احمد عزیز تارڑ نے کہا ہے کہ محکمہ لائیو سٹاک اینڈ ڈیری ڈویلپمنٹ پنجاب کی کامیابی کا اصل محور اس کے فیلڈ افسران اور اہلکار ہیں،جو اپنی پیشہ ورانہ صلاحیتوں،انتھک محنت اور عوامی خدمت کے جذبے سے مویشی پال کسانوں تک حکومتی سہولیات موثر انداز میں پہنچا رہے ہیں۔انہوں نے کہا کہ بہترین کارکردگی کا اعتراف نہ صرف اہلکاروں کی حوصلہ افزائی کرتا ہے بلکہ محکمہ میں میرٹ، شفافیت، جوابدہی اور صحت مند مسابقت کے فروغ کا بھی موثر ذریعہ ہے۔ان خیالات کا اظہار انہوں نے لائیو سٹاک سیکرٹریٹ میں محکمہ کے اعلی سطحی آن لائن اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے کیا۔ اجلاس میں مالی سال جولائی 2025 تا جون2026 کے دوران محکمہ کی مجموعی کارکردگی کا جائزہ لیا گیا۔اس موقع پر مصنوعی نسل کشی، حفاظتی ٹیکہ جات، جانوروں کے علاج معالجہ، موبائل ویٹرنری ڈسپنسریز، الٹراسائونڈ،انفورسمنٹ اور دیگر شعبوں میں نمایاں اہداف حاصل کرنے والے افسران و اہلکاروں کو ”ٹاپ پرفارمرز فیلڈ پرفارمنس ایوارڈز 2025-26” دینے کا اعلان کیا گیا۔بہترین ویٹرنری آفیسرز کی کیٹگری میں پہلی پوزیشن ڈاکٹر ایم امتیاز بشیر (ویٹرنری آفیسر، کروڑ لعل عیسن، ضلع لیہ)، دوسری پوزیشن ڈاکٹر مظفر حسین (ویٹرنری آفیسر ضلع شیخوپورہ) جبکہ تیسری پوزیشن ڈاکٹر ارشد علی (ویٹرنری آفیسر، ضلع ننکانہ صاحب) نے حاصل کی۔
بہترین ویٹرنری اسسٹنٹس میں پہلی پوزیشن رانا عبدالرحمن خان (فورٹ عباس، ضلع چولستان)، دوسری پوزیشن محمد عمران انجم (یزمان، ضلع بہاولپور) جبکہ تیسری پوزیشن مختار احمد (یزمان، ضلع چولستان) کے حصے میں آئی۔بہترین مصنوعی نسل کشی (AI) ٹیکنیشنز میں پہلی پوزیشن عمر دراز (18 ہزاری، ضلع جھنگ)، دوسری پوزیشن ذوالفقار علی (گوجر خان، ضلع راولپنڈی) جبکہ تیسری پوزیشن محمد اختر (دنیاپور،ضلع لودھراں) نے حاصل کی۔اسی طرح بہترین موبائل ویٹرنری ڈسپنسریز کی کیٹگری میں پہلی پوزیشن ڈاکٹر محمد فاروق (سرگودھا)،دوسری پوزیشن ڈاکٹر ایم۔ ولید (بھلوال) جبکہ تیسری پوزیشن ڈاکٹر محمد نعیم (چولستان) کو دی گئی۔سیکرٹری لائیو سٹاک احمد عزیز تارڑ نے اعزاز حاصل کرنے والے افسران اور اہلکاروں کو مبارکباد دیتے ہوئے کہا کہ محکمہ کی اصل طاقت اس کا فیلڈ سٹاف ہے،جو ہر موسم اور ہر حالات میں کسان برادری کو معیاری ویٹرنری خدمات فراہم کر رہا ہے۔انہوں نے کہا کہ محکمہ مستقبل میں بھی کارکردگی کی بنیاد پر افسران و اہلکاروں کی حوصلہ افزائی کا سلسلہ جاری رکھے گا تاکہ خدمت، شفافیت اور بہترین کارکردگی کی روایت مزید مضبوط ہو۔انہوں نے کہا کہ وزیراعلی پنجاب مریم نواز شریف کے وژن کے مطابق محکمہ لائیو سٹاک کسان دوست، جدید اور میرٹ پر مبنی نظام کے فروغ کے لیے موثر اقدامات کر رہا ہے تاکہ معیاری ویٹرنری سہولیات، جدید افزائش نسل کی خدمات اور حفاظتی ٹیکہ جات بروقت ہر مویشی پال کسان تک پہنچائے جا سکیں۔
انہوں نے اس عزم کا اظہار کیا کہ محکمہ لائیو سٹاک پنجاب صوبے میں لائیو سٹاک سیکٹر کی ترقی، کسانوں کی آمدنی میں اضافے اور غذائی تحفظ کے قومی اہداف کے حصول کے لیے اپنی کوششیں مزید تیز کرے گا۔اجلاس کے اختتام پر سیکرٹری لائیو سٹاک نے تمام اعزاز یافتگان کے لیے نیک تمناوں کا اظہار کرتے ہوئے امید ظاہر کی کہ وہ آئندہ بھی اسی جذبے، دیانتداری، پیشہ ورانہ مہارت اور عوامی خدمت کے عزم کے ساتھ اپنی ذمہ داریاں انجام دیتے رہیں گے۔








