بیجنگ میں پاکستانی سفارتخانہ میں یوم دفاع اور شہدا کی مناسبت سے تقریب کا انعقاد کیا گیا جس میں ملک کی سالمیت اور خودمختاری کے دفاع کے لئے مسلح افواج پاکستان کی قربانیوں اور پیشہ وارانہ صلاحیتوں کو خراج تحسین پیش کیا گیا۔
بیجنگ میں پاکستانی سفارتخانہ میں یوم دفاع اور شہدا کی مناسبت سے تقریب ، مسلح افواج کی قربانیوں اور پیشہ وارانہ صلاحیتوں کو خراج تحسین پیش کیا گیا

مزید خبریں
بیجنگ۔29ستمبر (اے پی پی):بیجنگ میں پاکستانی سفارتخانہ میں یوم دفاع اور شہدا کی مناسبت سے تقریب کا انعقاد کیا گیا جس میں ملک کی سالمیت اور خودمختاری کے دفاع کے لئے مسلح افواج پاکستان کی قربانیوں اور پیشہ وارانہ صلاحیتوں کو خراج تحسین پیش کیا گیا۔سفارتخانے کی جانب سے جاری پریس ریلیز کے مطابق تقریب کے مہمان خصوصی سیکرٹری کمیشن برائے ڈسپلن انسپکشن و پی ایل اے آرمی کے ڈائریکٹر سپروائزری کمیشن لیفٹیننٹ جنرل لوہوکی تھے۔ اس موقع پر چین کے سینئر سول و ملٹری حکام، سفارتی کور کے ارکان، مختلف سفارت خانوں کے دفاعی اتاشی، میڈیا کے نمائندے، پاکستانی کمیونٹی کے ارکان اور سفارتخانےکے افسران و اہلکار بھی موجود تھے۔تقریب کا آغاز پاکستان اور چین کے قومی ترانوں سے ہوا جنہیں پاکستان ایمبیسی کالج بیجنگ کے طلبا نے پیش کیا۔اس پروگرام میں 1965 کی جنگ کے دوران پاکستان کی مسلح افواج کی بہادری اور قربانیوں کو اجاگر کرنے والی دستاویزی فلمیں بھی پیش کی گئیں نیز آفات سے نجات، بین الاقوامی امن قائم کرنے اور علاقائی اور بین الاقوامی امن و استحکام کے لیے ان کی خدمات کو اجاگر کیا گیا۔ اپنے استقبالیہ کلمات میں سفارت خانہ پاکستان کے دفاعی اور آرمی اتاشی بریگیڈیئر علی اصغر خان نے ملک کے دفاع کے لئے پاکستان کی مسلح افواج کی پیشہ ورانہ مہارت کو اجاگر کیا۔تقریب سے خطاب کرتے ہوئے پاکستانی سفارت خانہ کے ناظم الامور اعزاز خان نے پاکستان کے دفاع میں اپنی جانوں کا نذرانہ پیش کرنے والے شہدا کو خراج عقیدت پیش کیا۔انہوں نے پاکستان اور چین کے درمیان پائیدار دوستی پر زور دیتے ہوئے علاقائی امن، استحکام اور سلامتی کے لیے دو طرفہ تعاون کو مزید مضبوط بنانے کے لیے پاکستان کے عزم کا اعادہ کیا۔ تقریب کے اختتام پر مہمان خصوصی اور اعزاز خان اور ڈیفنس اور آرمی اتاشی کے درمیان یادگاری تحائف کا تبادلہ ہوا،تقریب میں کیک بھی کاٹا گیا۔








