بینک ڈیپازٹس میں گزشتہ مالی سال 26-2025 کے دوران 15.2 فیصد اضافہ

بینک ڈیپازٹس میں گزشتہ مالی سال 26-2025 کے دوران 15.2فیصد اضافہ ہوا ہے ۔ جولائی 2025 تا جون 2026کے دوران ڈیپازٹس کے حجم میں 40.886ٹریلین روپے کا اضافہ ہوا ہے۔

اسلام آباد۔24جولائی (اے پی پی):بینک ڈیپازٹس میں گزشتہ مالی سال 26-2025 کے دوران 15.2فیصد اضافہ ہوا ہے ۔ جولائی 2025 تا جون 2026کے دوران ڈیپازٹس کے حجم میں 40.886 ٹریلین روپے کا اضافہ ہوا ہے۔ اے کے ڈی سکیورٹیز لمیٹڈ کے ڈائریکٹر ریسرچ اویس اشرف نے اپنی ایک تجزیاتی رپورٹ میں کہا ہے کہ ماہانہ بنیاد پر ڈیپازٹس میں 8.5 فیصد بڑھوتری ہوئی ہے۔ گزشتہ مالی سال میں بینک ڈیپازٹس میں اضافے کے بنیادی اسباب میں ڈیجیٹل فنانشل سروسز میں بہتری اور استفادہ سمیت بیرون ملک مقیم پاکستانی برادری کی جانب سے بینکنگ ذرائع کے ذریعہ بیرون ملک سے ترسیلات زر کی وصولیاں شامل ہیں۔مزید برآں حکومت بالخصوص وزارت خزانہ کی جانب سے ڈھانچہ جاتی اصلاحات اور سٹیٹ بینک کی جانب سے فاریکس مارکیٹ کے استحکام کے اقدامات بھی بینکنگ ڈیپازٹس میں اضافہ کے اسباب میں شامل ہیں۔ رپورٹ کے مطابق گزشتہ مالی سال کے دوران بینکاری کے شعبہ کی جانب سے قرضہ جات کی فراہمی میں13فیصد سالانہ اضافہ ہوا ہے تاہم ڈیپازٹس کے مقابلہ میں قرضو ں کی شرح میں 70 بیکس پوائنٹس کی کمی واقع ہوئی ہے۔ واضح رہے کہ گزشتہ مالی سال میں بینکاری کے شعبہ کی جانب سے 15.273ٹریلین روپے کے قرضہ جات فراہم کئے گئے اور قرضوں میں سالانہ بنیاد پر13 فیصد اضافہ ریکارڈ کیا گیا ہے جبکہ جون 2026 میں ماہانہ3.7فیصد بڑھوتری ہوئی ہے۔ تجزیاتی رپورٹ کے مطابق گزشتہ مالی سال میں بینکوں کی سرمایہ کاری 42.584ٹریلین روپے رہی ہے جو سالانہ16.4فیصد اضافہ کو ظاہر کرتی ہے جبکہ ماہانہ بنیادوں پر جون 2026 میں سرمایہ کاری میں 6.6فیصد کی بڑھوتری ریکارڈ کی گئی ہے۔ جون 2026کے دوران ڈیپازٹس کے مقابلہ میں سرمایہ کاری کی شرح میں 104.2فیصد اضافہ ہوا ہے جبکہ جون 2025میں یہ شرح 130فیصد رہی تھی

مزید خبریں