بین الاقوامی اسلامی یونیورسٹی نے اقوام متحدہ کے پائیدار ترقی کے اہداف سے ہم آہنگی کو مزید وسعت دیتے ہوئے جامع یونیورسٹی سطح کا ایس ڈی جی فریم ورک اور ایکشن پلان منظور کر لیا
بین الاقوامی اسلامی یونیورسٹی نے اقوام متحدہ کے پائیدار ترقی کے اہداف سے ہم آہنگی کو مزید وسعت دیتے ہوئے جامع یونیورسٹی سطح کا ایس ڈی جی فریم ورک اور ایکشن پلان منظور کر لیا

مزید خبریں
اسلام آباد۔22ستمبر (اے پی پی):بین الاقوامی اسلامی یونیورسٹی اسلام آباد نے اقوام متحدہ کے پائیدار ترقی کے اہداف (ایس ڈی جیز) سے ہم آہنگی کو مزید وسعت دیتے ہوئے جامع یونیورسٹی سطح کا ایس ڈی جی فریم ورک اور ایکشن پلان منظور کرلیا۔یونیورسٹی کے صدر پروفیسر ڈاکٹر احمد سعد الاحمد نے فریم ورک کی منظوری دی جس کے تحت یونیورسٹی کی تمام فیکلٹیز، انسٹی ٹیوٹس، مراکز، تدریسی و انتظامی یونٹس اپنی متعلقہ سرگرمیوں کو اقوام متحدہ کے 17 پائیدار ترقی کے اہداف کے ساتھ ہم آہنگ کریں گے۔ یونیورسٹی کے مطابق ایس ڈی جیز اقوام متحدہ کے 2030 ایجنڈا برائے پائیدار ترقی کا حصہ ہیں جن کا مقصد 2030ء تک باہم مربوط سماجی، معاشی اور ماحولیاتی چیلنجز سے نمٹنا ہے جبکہ پاکستان نے بھی پائیدار ترقی کے اہداف کو اپنی قومی ترقیاتی ترجیحات میں شامل کیا ہے۔
بین الاقوامی اسلامی یونیورسٹی نے 2021ء میں ایس ڈی جیز کو نصاب سازی میں شامل کرنے کے ساتھ ساتھ تحقیقی گرانٹس، مالی معاونت سے چلنے والے منصوبوں اور دیگر علمی و ادارہ جاتی سرگرمیوں کو پائیدار ترقی کے ایجنڈے سے ہم آہنگ کرنے کا عمل شروع کیا تھا۔ نئے ایکشن پلان کے تحت یونیورسٹی کی تدریس، تحقیق، تحقیقی گرانٹس، ادارہ جاتی اقدامات اور عوامی رابطہ سرگرمیوں کو پاکستان کی قومی ترجیحات اور عالمی 2030 ایجنڈا سے مربوط کیا جائے گا۔ اس سلسلے میں جامعات، تحقیقی اداروں، سرکاری تنظیموں، صنعت اور دیگر متعلقہ اداروں کے ساتھ شراکت داری، مشترکہ تحقیق، علم کے تبادلے اور استعداد کار میں اضافے پر بھی زور دیا گیا ہے۔ بین الاقوامی اسلامی یونیورسٹی کے نائب صدر تحقیق و انٹرپرائز پروفیسر ڈاکٹر احمد شجاع سید اور شعبہ بین الاقوامی تعلقات کی پروفیسر ڈاکٹر نور فاطمہ یونیورسٹی کے ایس ڈی جی سے متعلق اہداف اور سرگرمیوں کو قومی و بین الاقوامی مقاصد سے ہم آہنگ کرنے کی نگرانی کر رہے ہیں۔
فریم ورک کے تحت یونیورسٹی کے مرد و خواتین کیمپسز، فیکلٹیز، شعبہ جات، انسٹیٹیوٹس، مراکز، طلبہ اور متعلقہ انتظامی دفاتر کو ایس ڈی جیز سے متعلق سرگرمیوں میں منظم انداز میں حصہ لینے کا موقع فراہم کیا جائے گا۔ یونیورسٹی کے مطابق فریم ورک کا مقصد ایس ڈی جیز سے متعلق آگاہی، تعلیمی سرگرمیوں، تحقیق، طلبہ کی شمولیت، کمیونٹی روابط، ادارہ جاتی طریقہ کار اور سرگرمیوں کی دستاویز بندی کو موجودہ انتظامی و تعلیمی نظام کا حصہ بنانا ہے تاکہ 2030ء تک پائیدار ترقی کے اہداف کے حصول میں یونیورسٹی کی شمولیت کو مربوط، قابل پیمائش اور نتائج پر مبنی بنایا جاسکے۔








