بیوٹی ورلڈ مڈل ایسٹ میں پاکستانی مصنوعات کی پذیرائی ،حسین محمدکا پاکستان پویلین کا افتتاح
بیوٹی ورلڈ مڈل ایسٹ میں پاکستانی مصنوعات کی پذیرائی ،حسین محمدکا پاکستان پویلین کا افتتاح

مزید خبریں
لاہور۔8اکتوبر (اے پی پی):پاکستانی کاسمیٹکس اور پرسنل کیئر مصنوعات نے دبئی میں منعقد ہونے والی تین روزہ بین الاقوامی نمائش بیوٹی ورلڈ مڈل ایسٹ میں خریداروں، صنعت سے وابستہ ماہرین اور بین الاقوامی کاروباری نمائندگان کی بھرپور توجہ حاصل کی جس سے عالمی منڈی میں پاکستانی کاسمیٹکس صنعت کے بڑھتے ہوئے برآمدی امکانات اجاگر ہوئے۔دبئی ورلڈ ٹریڈ سینٹر میں 6 سے 8 اکتوبر تک منعقد ہونے والی نمائش میں پاکستانی مصنوعات کو زبردست پذیرائی ملی۔ شرکاء کی جانب سے مثبت ردِعمل نے پاکستانی کاسمیٹکس اور پرسنل کیئر مصنوعات کے معیار، مسابقتی صلاحیت اور عالمی منڈی میں موجود امکانات کو نمایاں کیا۔پاکستان کے قونصل جنرل دبئی حسین محمد نے پاکستان پویلین کا افتتاح کیا۔
اس موقع پر ٹریڈ اینڈ انویسٹمنٹ کونسلر علی زیب خان، کونسلر محمد ہارون چوہدری، پاکستان کاسمیٹکس اینڈ مینوفیکچررز ایسوسی ایشن کے سابق چیئرمین ڈاکٹر وسیم سرور اور دیگر پاکستانی کاروباری نمائندگان بھی موجود تھے۔پاکستانی کمپنیوں کی نمائش میں شرکت ٹریڈ ڈویلپمنٹ اتھارٹی آف پاکستان (TDAP) نے دبئی میں قونصلیٹ جنرل آف پاکستان کے کمرشل سیکشن کے تعاون سے ممکن بنائی۔اس موقع پر قونصل جنرل حسین محمد نے کہا کہ پاکستان کے بیوٹی اور پرسنل کیئر سیکٹر، بالخصوص بیوٹی انسٹرومنٹس، اسکن کیئر، ہیئر کیئر اور کاسمیٹکس کے شعبوں میں برآمدات بڑھانے کے وسیع امکانات موجود ہیں۔انہوں نے کہا کہ متحدہ عرب امارات پاکستانی برآمد کنندگان کے لیے ایک اہم منڈی اور وسیع تر خطے تک رسائی کا اسٹریٹجک گیٹ وے ہے۔








