بیگم نصرت بھٹو کی جمہوریت کیلئے قربانیاں ملکی تاریخ کا ناقابل فراموش باب ہیں، قائم مقام صدر سید یوسف رضا گیلانی کا بیگم نصرت بھٹو کی برسی پر پیغام

قائم مقام صدر سید یوسف رضا گیلانی نے بیگم نصرت بھٹو کو خراج عقیدت پیش کرتے ہوئے کہا ہے کہ بیگم نصرت بھٹو کی جمہوریت کے لیے قربانیاں ملکی تاریخ کا ناقابل فراموش باب ہیں، ان کی سیاسی بصیرت اور استقامت آج بھی جمہوریت پر یقین رکھنے والوں کے لیے مشعل راہ ہے

اسلام آباد۔22اکتوبر (اے پی پی):قائم مقام صدر سید یوسف رضا گیلانی نے بیگم نصرت بھٹو کو خراج عقیدت پیش کرتے ہوئے کہا ہے کہ بیگم نصرت بھٹو کی جمہوریت کے لیے قربانیاں ملکی تاریخ کا ناقابل فراموش باب ہیں، ان کی سیاسی بصیرت اور استقامت آج بھی جمہوریت پر یقین رکھنے والوں کے لیے مشعل راہ ہے۔ایوان صدر کے میڈیا ونگ سے جاری بیان کے مطابق بیگم نصرت بھٹو کی 15ویں برسی کے موقع پر اپنے پیغام میں سید یوسف رضا گیلانی نے جمہوریت کے لیے بیگم نصرت بھٹو کی خدمات اور قربانیوں کو خراج تحسین پیش کیا۔قائم مقام صدر نے کہا کہ بیگم نصرت بھٹو نے جمہوریت کی بحالی اور عوام کے حقوق کے لیے تاریخی جدوجہد کی،وہ آمریت کے خلاف مزاحمت، جرات اور استقامت کی علامت تھیں اور انہوں نے مشکل ترین حالات میں جمہوری اقدار پر غیرمتزلزل یقین کا مظاہرہ کیا

۔ سید یوسف رضا گیلانی نے کہا کہ بیگم نصرت بھٹو کی جمہوریت کے لیے قربانیاں ملکی تاریخ کا ناقابلِ فراموش باب ہیں،انہوں نے شہید ذوالفقار علی بھٹو کے ساتھ جمہوری جدوجہد میں اہم کردار ادا کیا اور جمہوری تحریک کو مشکل حالات میں حوصلہ، امید اور قیادت فراہم کی۔ قائم مقام صدر نے کہا کہ بیگم نصرت بھٹو کی سیاسی بصیرت اور استقامت آج بھی جمہوریت پر یقین رکھنے والوں کے لیے مشعل راہ ہے،بیگم نصرت بھٹو کی جدوجہد پاکستانی خواتین کے لیے جرات، عزم اور حوصلے کی روشن مثال ہے،ان کی جمہوری خدمات اور قربانیوں کو ہمیشہ یاد رکھا جائے گا۔ سید یوسف رضا گیلانی نے بیگم نصرت بھٹو کے درجات کی بلندی اور مغفرت کے لیے دعا کی۔

مزید خبریں