تاجربرادری کے مسائل کوترجیحی بنیادوں پرحل کیاجائیگا،تمام تجارتی تنظیموں کے ساتھ روابط باقاعدگی سے جاری رکھے جائیں گے،چیئرمین ایف بی آر کی کراچی میں ایف پی سی سی آئی کے وفد سے ملاقات میں گفتگو
تاجربرادری کے مسائل کوترجیحی بنیادوں پرحل کیاجائیگا،تمام تجارتی تنظیموں کے ساتھ روابط باقاعدگی سے جاری رکھے جائیں گے،چیئرمین ایف بی آر کی کراچی میں ایف پی سی سی آئی کے وفد سے ملاقات میں گفتگو

مزید خبریں
اسلام آباد۔9ستمبر (اے پی پی):چیئرمین فیڈرل بورڈ آف ریونیو راشد محمود لنگڑیال نے تاجربرادری کے مسائل کوترجیحی بنیادوں پرحل کرنے کے عزم کااعادہ کرتے ہوئے کہاہے کہ ایف پی سی سی آئی سمیت تمام تجارتی تنظیموں کے ساتھ روابط باقاعدگی سے جاری رکھے جائیں گے۔انہوں نے یہ بات بدھ کو کراچی میں اپنے ماہانہ دورے کے دوران فیڈریشن آف پاکستان چیمبرز آف کامرس اینڈ انڈسٹری کے ایک وفد سے ملاقات میں کہی ،وفد کی قیادت ایف پی سی سی آئی کے صدر ثاقب فیاض مگون نے کی۔ وفد میں سینئر عہدیداران اور کاروباری رہنما شامل تھے، چیئرمین ایف بی آر کے ہمراہ ممبر اِن لینڈ ریونیو (آپریشنز)، ممبر کسٹمز (آپریشنز) اور ایف بی آر کے سینئر افسران بھی موجود تھے۔ ملاقات میں گزشتہ اجلاس میں زیرِ بحث آنے والے مختلف امور پر ہونے والی پیش رفت کا جائزہ بھی لیا گیا۔ ایف پی سی سی آئی کے وفد نے چیئرمین ایف بی آر کی جانب سے کراچی کے ماہانہ دوروں کے اقدام کو بھرپور سراہتے ہوئے اسے ایک مثبت اور خوش آئند قدم قرار دیا، جو کاروباری برادری کے ساتھ مستقل اور براہِ راست رابطے کے لیے حکومت کے عزم کی عکاسی کرتا ہے۔ وفد نے کہا کہ اس طرح کے باقاعدہ رابطوں سے ایف بی آر اور تجارتی تنظیموں کے درمیان رابطوں میں نمایاں بہتری آئی ہے، جس سے مسائل بروقت حل کرنے میں مدد ملی ہے۔
وفد نے اس امر کو خوش آئند قرار دیا کہ گزشتہ اجلاس میں اٹھائے گئے بیشتر مسائل ممبر آپریشنز (اِن لینڈ ریونیو اور کسٹمز) اور ان کی متعلقہ ٹیموں کی کوششوں سے حل کر دیے گئے ہیں۔ وفد نے ایف بی آر کی جانب سے مسائل کے فوری حل کے لیے اختیار کیے گئے اس مثبت اور ذمہ دارانہ طرزِعمل کو کاروباری برادری کے لیے حوصلہ افزاء قرار دیا۔ اجلاس کے دوران وفد نے باقی ماندہ زیرِ التوا معاملات پر مسلسل فالو اَپ کی ضرورت پر زور دیا اور چند نئے مسائل بھی اٹھائے، جن میں بعض اشیاء کی درجہ بندی اور انکم ٹیکس کے پرانے ریفنڈز کے معاملات شامل ہیں۔ چیئرمین ایف بی آر اور ان کی ٹیم نے وفد کو یقین دہانی کرائی کہ زیر التوا اور نئے مسائل کوترجیحی بنیادوں پر متعلقہ چیمبرز اور ایف بی آر کے متعلقہ ونگز کی مشاورت کے ساتھ حل کیا جائے گا۔ چیئرمین ایف بی آر نے کاروباری برادری کے مسائل کے حل اور ان سے مسلسل روابط جاری رکھنے کے عزم کا اظہار کیا اور کاروباری برادری کے لیے ہر ممکن سہولیات فراہم کرنے کے عزم کا اعادہ کیا۔ انہوں نے اس امر پر زور دیا کہ ایف پی سی سی آئی سمیت تمام ٹریڈ باڈیز کے ساتھ اس طرح کے روابط باقاعدگی سے جاری رکھے جائیں گے تاکہ ٹیکس دہندگان کے مسائل فوری طور پر حل کیے جا سکیں اور ٹیکس ایڈمنسٹریشن اور کاروباری برادری کے درمیان باہمی اعتماد کو مزید مضبوط بنایا جا سکے۔
اجلاس کے دوران چیئرمین ایف بی آر نے ایف پی سی سی آئی کے رہنماوں پر زور دیا کہ وہ ریٹیلرز اسکیم کے حوالے سے موثر آگاہی مہم چلائیں تاکہ ٹیکس کی بنیادوں کو وسیع کر کے پہلے سے ٹیکس قوانین پر عمل در آمد کرنے والے ٹیکس دہندگان پر عائد ٹیکس بوجھ کو کم کیا جا سکے۔







