صدر اسلام آباد چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری (آئی سی سی آئی) سردار طاہر محمود نے کہا ہے کہ آئی سی سی آئی وفاقی دارالحکومت کی تاجر برادری کی شاندار نمائندہ تنظیم ہونے کے ناطے تاجروں کے حقوق کے تحفظ اور ان کے مسائل کے حل کیلئے سرکاری اداروں کے ساتھ موثر انداز میں اپنا بھرپور وکالتی کردار ادا کرتی رہے گی۔
تاجروں کے حقوق کے تحفظ اور ان کے مسائل کے حل کیلئے اپنا بھرپور کردار ادا کرتی رہے گی، سردار طاہر محمود
اسلام آباد۔4جون (اے پی پی):صدر اسلام آباد چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری (آئی سی سی آئی) سردار طاہر محمود نے کہا ہے کہ آئی سی سی آئی وفاقی دارالحکومت کی تاجر برادری کی شاندار نمائندہ تنظیم ہونے کے ناطے تاجروں کے حقوق کے تحفظ اور ان کے مسائل کے حل کیلئے سرکاری اداروں کے ساتھ موثر انداز میں اپنا بھرپور وکالتی کردار ادا کرتی رہے گی۔انہوں نے ان خیالات کا اظہار ٹریڈز ویلفیئر ایسوسی ایشن موتی بازار بارہ کہو کے ایک بڑے وفد سے خطاب کرتے ہوئے کیا جس نے صدر قمر عباسی کی قیادت میں جمعرات کے روز آئی سی سی آئی کا دورہ کیا۔سردار طاہر محمود نے نومنتخب قیادت کو مبارکباد دیتے ہوئے کہا کہ تاجر برادری ملکی معیشت میں ریڑھ کی ہڈی کی حیثیت رکھتی ہے۔
انہوں نے کہا کہ چیمبر سی ڈی اے، ایم سی آئی، ضلعی انتظامیہ اور دیگر متعلقہ اداروں کے ساتھ مسلسل رابطے میں ہے تاکہ تاجروں کو درپیش مسائل کا موثر حل یقینی بنایا جا سکے۔انہوں نے تاجروں کے اتحاد و اتفاق کی ضرورت پر زور دیتے ہوئے کہا کہ زیادہ سے زیادہ تاجروں کو چیمبر کا ممبر بننا چاہیے تاکہ ان کے مسائل اور مطالبات کو مزید موثر انداز میں متعلقہ حکام کے سامنے پیش کیا جا سکے اور ان کے جائز حقوق کا حصول ممکن بنایا جا سکے۔اس موقع پر ٹریڈز ویلفیئر ایسوسی ایشن موتی بازار بارہ کہو کے صدر قمر عباسی نے علاقے کو درپیش مختلف تجارتی اور شہری مسائل پر تفصیلی روشنی ڈالی۔ انہوں نے انسپکٹر جنرل پولیس اسلام آباد، کمشنر اسلام آباد، چیئرمین سی ڈی اے، ایم سی آئی اور دیگر متعلقہ حکام کے ساتھ چیمبر کی وساطت سے ملاقاتوں کے انعقاد کا مطالبہ کیا تاکہ دیرینہ مسائل کا فوری حل نکالا جا سکے۔
انہوں نے بارہ کہو میں پینے کے صاف پانی کی شدید قلت کو بھی اجاگر کرتے ہوئے فوری ازالے کا مطالبہ کیا۔آئی سی سی آئی کے سابق صدر اور یونائیٹڈ بزنس گروپ کے سیکرٹری جنرل ظفر بختاوری نے کہا کہ ان مسائل کے حل کیلئے تاجروں کے درمیان اتحاد ناگزیر ہے۔آئی سی سی آئی کے سابق صدر محمد اعجاز عباسی نے بارہ کہو کی تاجر برادری کی جانب سے چیمبر کے فائونڈر گروپ کی مسلسل حمایت پر شکریہ ادا کیا اور تنظیم کو مضبوط بنانے میں ان کے کردار کو سراہا۔ٹریڈرز ویلفیئر ایسوسی ایشن موتی بازار بارہ کہو کے جنرل سیکرٹری اور آئی سی سی آئی کے ایگزیکٹو ممبر عمر خیام عباسی نے فائونڈر گروپ سے اپنی وابستگی کا اعادہ کرتے ہوئے امید ظاہر کی کہ موجودہ چیمبر قیادت علاقے کے مسائل کے حل کیلئے ہر ممکن کوشش کرے گی۔
گروپ لیڈر ملک اشفاق نے تاجروں پر زور دیا کہ وہ تمام مشکلات کے باوجود اپنے کاروبار پر توجہ مرکوز رکھیں اور ملکی معیشت کی ترقی میں اپنا کردار ادا کرتے رہیں۔اپنے اختتامی کلمات میں آئی سی سی آئی کے نائب صدر عرفان چوہدری نے وفد کو یقین دلایا کہ چیمبر ہر مشکل وقت میں تاجر برادری کے شانہ بشانہ کھڑا رہے گا اور ان کے مسائل کے حل کیلئے ہر متعلقہ فورم پر بھرپور انداز میں آواز اٹھائے گا۔آئی سی سی آئی کے سابق سینئر نائب صدر خالد چوہدری نے تقریب کی نظامت کے فرائض انجام دیئے۔تقریب میں ایگزیکٹو ممبران ذوالقرنین عباسی، روحیل انور بٹ، چوہدری واجد ایوب آف ترنول سمیت سینئر اراکین امتیاز عباسی، شاہد عباسی، زاہد دھنیال، اسرار مشوانی، عابد خان، وحید چیمہ اور تاجروں کی بڑی تعداد بھی موجود تھی۔









