تاجر برادری کا ملک وصوبے کی معاشی ترقی اور روزگار کی فراہمی میں اہم کردار ہے ،گورنر لوچستان

تاجر برادری کا ملک وصوبے کی معاشی ترقی اور روزگار کی فراہمی میں اہم کردار ہے ،گورنر لوچستان

کوئٹہ۔ 29 ستمبر (اے پی پی):گورنر بلوچستان شیخ جعفر خان مندوخیل نے کہا ہے کہ تاجربرادری نے ملک اور صوبے کی معاشی ترقی اور روزگار کی فراہمی میں جو کردار ادا کیا ہے اس کی مثال نہیں ملتی، شاہراہوں کا تحفظ حکومت کی اولین ترجیحات میں شامل ہے، جہاں سیاسی مذاکرات کی ضرورت ہوگی وہاں مذاکرات کیے جائیں گے جبکہ جہاں فورسز کی ذمہ داری ہوگی وہاں وہ اپنا کردار ادا کریں گی۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے منگل کو ایوان صنعت و تجارت کوئٹہ بلوچستان کے سالانہ جنرل باڈی اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔گورنر بلوچستان شیخ جعفر خان مندوخیل نے نومنتخب عہدیداران کو مبارکباد دیتے ہوئے کہا کہ تجارت پیشہ افراد ہی ملک کی معیشت کی اصل قوت ہیں اور یہی لوگ ملک اور صوبے کو چلا رہے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ بزنس کمیونٹی نہ صرف ملک اور صوبے کی معاشی خوشحالی میں اہم کردار ادا کر رہی ہے بلکہ بڑی تعداد میں لوگوں کو روزگار بھی فراہم کر رہی ہے۔انہوں نے کہا کہ بزنس مین ہر شعبے کو فروغ دینے میں اپنا کردار ادا کر رہے ہیں اور وہ ہمیشہ سے بزنس کمیونٹی کے ساتھ کھڑے رہے ہیں۔ جہاں بھی ان کی ضرورت ہوگی، وہ بزنس کمیونٹی کے ساتھ موجود ہوں گے اور ان کے مسائل کے حل کے لیے ہر فورم پر آواز بلند کرتے رہیں گے۔گورنر بلوچستان نے کہا کہ شاہراہوں کا تحفظ ایک بڑا چیلنج ہے تاہم اس حوالے سے سیاسی مذاکرات اور سکیورٹی اقدامات دونوں کو ضرورت کے مطابق بروئے کار لایا جائے گا۔

اس سے قبل چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری کوئٹہ کے پیٹرن ان چیف غلام فاروق خلجی نے گورنر بلوچستان کی چیمبر آمد پر ان کا شکریہ ادا کیا ۔ انہوں نے چیمبر کے سابق عہدیداران کی کارکردگی کو سراہتے ہوئے کہا کہ گزشتہ دو سال بلوچستان کی بزنس کمیونٹی کے لیے انتہائی مشکل رہے ہیں۔ انہوں نے نومنتخب عہدیداران اور ممبران کو مبارکباد دیتے ہوئے امید ظاہر کی کہ وہ کاروباری برادری کو درپیش چیلنجز سے نمٹنے کے لیے بھرپور کردار ادا کریں گے۔

اس موقع پر چیمبر کے سابق صدر حاجی محمد ایوب مریانی نے بھی اظہار خیال کیا اور گزشتہ دو سال کے دوران بھرپور تعاون پر چیمبر ممبران کا شکریہ ادا کیا۔ چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری کے نومنتخب صدر احمد گل کاکڑ نے پیٹرن ان چیف، کور کمیٹی اور ممبران کا ان پر اعتماد کرنے پر شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا کہ وہ اور ان کے ساتھی صوبے کی بزنس کمیونٹی کو درپیش مشکلات کے خاتمے کے لیے ہر ممکن کردار ادا کریں گے۔ انہوں نے کہا کہ تمام معاملات باہمی مشاورت سے آگے بڑھائے جائیں گے۔

مزید خبریں