تحریک پاکستان کے کارکن سید الطاف علی بریلوی کی برسی 24 ستمبر کو منائی گئی

تحریک پاکستان کے کارکن ، ادیب، صحافی، ماہر تعلیم اور سید الطاف علی بریلوی کی برسی جمعرات 24 ستمبر کو منائی گئی

اسلام آباد۔24ستمبر (اے پی پی):تحریک پاکستان کے کارکن ، ادیب، صحافی، ماہر تعلیم اور سید الطاف علی بریلوی کی برسی جمعرات 24 ستمبر کو منائی گئی۔الطاف علی بریلوی 10 جولائی 1905 میں بریلی میں پیدا ہوئے تھے۔ انہوں نے 1935 میں سر سید احمد خان کی قائم کردہ آل انڈیا ایجوکیشنل کانفرنس سے بطور آفس سیکرٹری اپنی عملی زندگی کا آغاز کیا۔ تقسیم ہند کے بعد انہوں نے کراچی میں اس ادارے کی شاخ قائم کی اور اس کے زیر اہتمام سر سید گرلز کالج قائم کیا۔ انہوں نے ایک علمی اور ادبی سہ ماہی جریدہ العلم بھی جاری کیااور متعدد کتب بھی تحریر کیں ۔ سید الطاف علی بریلوی کی نمایاں تصانیف میں طالب علم کی ڈائری،حیات حافظ رحمت خاں،مسلمانوں کی تعلیمی جدوجہد،مسلمان کی دنیا،چند محسن چند دوست،تعلیم و تعلیم،علی گڑھ تحریک اور قومی ،تعلیمی مسائل،پس منظر و پیش منظر،راہی اور راہ نما،نامہ ہائے صدق و صَفا،حاصل مطالعہ،مقالات بریلوی اور تخلیقات و نگارشات شامل ہیں۔ الطاف علی بریلوی 24 ستمبر 1986کو کراچی میں وفات پاگئے اور سخی حسن کے قبرستان میں سپردِ خاک کئے گئے۔ ان کی برسی کے موقع پر علمی،ادبی اور صحافتی حلقوں کی جانب سے خراج تحسین پیش کیا گیا۔