ترکیہ کی معروف جامعات کے وائس چانسلرز، ریکٹرز اور اعلیٰ تعلیمی کونسل کے سینئر حکام پر مشتمل 18 رکنی وفدنے نیشنل یونیورسٹی آف سائنسز اینڈ ٹیکنالوجی (نسٹ) کا دورہ کیا۔ اس موقع پر پاکستان میں ترکیہ کے سفیر عرفان نذیر اوغلو بھی موجود تھے۔
ترکیہ کی معروف جامعات کے وائس چانسلرز، ریکٹرز اور اعلیٰ تعلیمی کونسل کے سینئر حکام پر مشتمل وفد کا نیشنل یونیورسٹی آف سائنسز اینڈ ٹیکنالوجی کا دورہ

مزید خبریں
اسلام آباد۔18ستمبر (اے پی پی):ترکیہ کی معروف جامعات کے وائس چانسلرز، ریکٹرز اور اعلیٰ تعلیمی کونسل کے سینئر حکام پر مشتمل 18 رکنی وفدنے نیشنل یونیورسٹی آف سائنسز اینڈ ٹیکنالوجی (نسٹ) کا دورہ کیا۔ اس موقع پر پاکستان میں ترکیہ کے سفیر عرفان نذیر اوغلو بھی موجود تھے۔ نسٹ کے ریکٹر ڈاکٹر محمد زاہد لطیف نے معزز مہمانوں کا خیرمقدم کرتے ہوئے پاکستان اور ترکیہ کے درمیان ادارہ جاتی روابط کو مزید مستحکم بنانے اور باہمی دلچسپی کے شعبوں میں مؤثر شراکت داری کے فروغ کی اہمیت کو اجاگر کیا۔
اس موقع پر دونوں ممالک کے درمیان تعلیمی و تحقیقی روابط کے فروغ، اساتذہ اور طلبہ کے تبادلے کو وسعت دینے اور مشترکہ اقدامات پر تبادلہ خیال کیا گیا۔ اس موقع پر نسٹ اور ترکیہ کی معروف جامعات کے درمیان مزید گہرے اور پائیدار ادارہ جاتی روابط کے قیام کے مختلف امکانات بھی زیر غور آئے۔
ترک وفد نے نسٹ کے ایچ-12 کیمپس کا دورہ بھی کیا جہاں اسے نیشنل سائنس اینڈ ٹیکنالوجی پارک، سکول آف انٹرڈسپلنری انجینئرنگ اینڈ سائنسز، سنٹر فار ایمرجنگ ٹیکنالوجیز اور جامع سپورٹس کمپلیکس کا دورہ کرایا گیا۔ یہ دورہ نسٹ اور ترکیہ کے اعلیٰ تعلیمی اداروں کے درمیان مضبوط روابط کا عکاس ہے اور دونوں ممالک کے درمیان مسلسل مکالمے، تعلیمی تعاون اور طویل مدتی شراکت داری کے فروغ کے لئے اہم پلیٹ فارم فراہم کرتا ہے۔







