ترکیہ کے نوتعینات سفیرکی وفاقی سیکرٹری ہائوسنگ سےملاقات

اسلام آباد۔24اکتوبر (اے پی پی):پاکستان میں ترکیہ کے نوتعینات سفیر مہمت پیکی نےوزارت ہائوسنگ اینڈ ورکس کے وفاقی سیکرٹری افتخار علی شلوانی سے ملاقات کی جس میں باہمی دلچسپی کے امور اور مختلف شعبوں میں تعاون کے فروغ پر تبادلہ خیال کیا گیا، بالخصوص دونوں ممالک کے درمیان کم قیمت مکانات کی تیاری اور دونوں کے درمیان مفاہمت کی یادداشت پر عملدرآمد پر تبادلہ خیال کیا گیا۔ اس موقع پر …

اسلام آباد۔24اکتوبر (اے پی پی):پاکستان میں ترکیہ کے نوتعینات سفیر مہمت پیکی نےوزارت ہائوسنگ اینڈ ورکس کے وفاقی سیکرٹری افتخار علی شلوانی سے ملاقات کی جس میں باہمی دلچسپی کے امور اور مختلف شعبوں میں تعاون کے فروغ پر تبادلہ خیال کیا گیا، بالخصوص دونوں ممالک کے درمیان کم قیمت مکانات کی تیاری اور دونوں کے درمیان مفاہمت کی یادداشت پر عملدرآمد پر تبادلہ خیال کیا گیا۔

اس موقع پر نئے تعینات ہونے والے سفیر کا خیرمقدم کرتے ہوئے سیکرٹری ہائوسنگ نے ان کی مستقبل کی کاوشوں کے لیے نیک خواہشات کا اظہار کیااور وفاقی سیکرٹری نے تمام متعلقہ معاملات میں سفیر کی مکمل حمایت کا اظہار کیا۔

افتخار علی شلوانی نے اس عزم کا اعادہ کیا کہ پاکستان اور ترکیہ خوشگوار برادرانہ تعلقات اور باہمی طور پرسود مند دوطرفہ تعلقات سے لطف اندوز ہوتے ہیں۔ یہ رشتہ مشترکہ ایمان، اقدار، ثقافت، تہذیبی روابط، تاریخ اور باہمی اعتماد پر مبنی ہے۔

انہوں نے اس بات پر بھی زور دیا کہ پاکستان ترکیہ کے ساتھ اپنے تعلقات کو بہت اہمیت دیتا ہے۔ سفیر نے دونوں برادر ممالک کے درمیان باہمی دلچسپی کے تمام شعبوں بالخصوص ہائوسنگ اور مینوفیکچرنگ کے شعبوں میں تعلقات کو مزید فروغ دینے کے لیے یکساں خیالات کا اظہار کیا۔

سیکرٹری نے مہمت پیکی کو آنے والی پہلی بین الاقوامی ہائوسنگ ایکسپو 2022 میں شرکت کے لیے دعوت بھی دی جس کو انہوں نے قبول کیا اور اس تقریب میں اپنے ملک کی شرکت سے دونوں دوست ممالک کو باہمی منافع حاصل کرنے کاذریعہ بھی قرار دیا۔ملاقات میں نیا پاکستان ہائوسنگ اینڈ ڈویلپمنٹ اتھارٹی کے لیفٹیننٹ جنرل انور علی حیدر بھی موجود تھے۔