تسنیم حیدر نامی شخص پاکستان مسلم لیگ (ن) لندن کا ترجمان نہیں، مریم اورنگزیب

اسلام آباد۔20نومبر (اے پی پی):وفاقی وزیر اطلاعات و نشریات مریم اورنگزیب نے کہا ہے کہ تسنیم حیدر نامی شخص پاکستان مسلم لیگ (ن) لندن کا ترجمان نہیں، تسنیم حیدر کا مسلم لیگ (ن) سے کوئی تعلق نہیں ، تصویر میں نظر آنے والا شخص پی ٹی آئی لندن کا آرگنائزر ہے،جعلسازی، جھوٹ اور فیک نیوز سے ارشد شریف کے اصل قاتلوں سے توجہ ہٹائی نہیں جاسکتی۔

اتوار کو اپنے ایک بیان میں وزیر اطلاعات و نشریات نے کہا کہ تسنیم حیدر نامی شخص پاکستان مسلم لیگ (ن) لندن کا ترجمان نہیں ان کے پاس ثبوت ہیں تو جے آئی ٹی کے قانونی فورم پر پیش کریں، کوئی شخص زبردستی پارٹی ترجمان بننے کی کوشش نہ کرے۔

انہوں نے کہا کہ تصویر میں نظر آنے والا شخص پی ٹی آئی لندن کا آرگنائزر ہے، اے آر وائی کو چیلنج ہے کہ یہ خبر برطانیہ میں آن ائیر کرے۔ برطانیہ میں جھوٹی خبر اس ڈر سے نشر نہیں کرتے کیونکہ پہلے بھی جھوٹ پر جرمانے بھر چکے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ جعلسازی، جھوٹ اور فیک نیوز سے ارشد شریف کے اصل قاتلوں سے توجہ ہٹائی نہیں جاسکتی۔