تعلیم کے فروغ اور نئی نسل کی تربیت میں اساتذہ کا کردار بنیادی اہمیت رکھتا ہے، سینیٹر روبینہ خالد

عالمی یوم اساتذہ کے موقع پر چیئرپرسن بے نظیر انکم سپورٹ پروگرام سینیٹر روبینہ خالد نے اپنے جاری پیغام میں کہا ہے کہ اساتذہ قوم کے معمار اور روشن مستقبل کے ضامن ہیں،تعلیم کے فروغ اور نئی نسل کی تربیت میں اساتذہ کا کردار بنیادی اہمیت رکھتا ہے

اسلام آباد۔5اکتوبر (اے پی پی):عالمی یوم اساتذہ کے موقع پر چیئرپرسن بے نظیر انکم سپورٹ پروگرام سینیٹر روبینہ خالد نے اپنے جاری پیغام میں کہا ہے کہ اساتذہ قوم کے معمار اور روشن مستقبل کے ضامن ہیں،تعلیم کے فروغ اور نئی نسل کی تربیت میں اساتذہ کا کردار بنیادی اہمیت رکھتا ہے ۔ سینیٹر روبینہ خالد نے کہا کہ اساتذہ بچوں کو علم کے ساتھ ساتھ اخلاق، کردار اور ذمہ داری کا شعور بھی دیتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان کی ترقی اور خوشحالی کا راستہ معیاری تعلیم سے ہو کر گزرتا ہے۔اساتذہ نئی نسل میں علم، شعور اور مثبت سوچ پیدا کرنے میں اہم کردار ادا کر رہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ حکومت کی ترجیحات میں تعلیم کا فروغ اور بچوں کو بہتر تعلیمی مواقع کی فراہمی شامل ہے۔معیاری تعلیم ہر بچے کا بنیادی حق ہے، اس مقصد کے لیے اجتماعی کوششیں ضروری ہیں۔ سینیٹر روبینہ خالد نے کہا کہ بینظیر تعلیمی وظائف پروگرام کے ذریعے مستحق خاندانوں کے بچوں کو تعلیم سے جوڑنے کی کوشش جاری ہے،مستحق خاندانوں کے بچوں کو تعلیم کے مواقع فراہم کرنا ایک روشن اور مضبوط پاکستان کی بنیاد ہے۔ انہوں نے کہا کہ عالمی یوم اساتذہ پر ملک بھر کے تمام اساتذہ کو سلام پیش کرتی ہوں،قوم اپنے اساتذہ کی خدمات اور قربانیوں کو قدر کی نگاہ سے دیکھتی ہے۔