تمام ڈسکوز کو کنزیومر پرسیپشن سروے کے طریقہ کار، معیارات اور شیڈول کو حتمی شکل دے کر سروے فوری طور پر شروع کرنے کے احکامات جاری

وفاقی وزیر توانائی سردار اویس احمد خان لغاری نے تمام ڈسکوز کو کنزیومر پرسیپشن سروے کے طریقہ کار، معیارات اور شیڈول کو حتمی شکل دے کر سروے فوری طور پر شروع کرنے کے احکامات جاری کئے ہیں۔ ترجمان پاور ڈویژن کے مطابق وفاقی وزیر پاور ڈویژن کی زیر صدارت اجلاس میں انہوں نے ہدایت کی کہ سروے کے معیارات نیپرا کے مقرر کردہ پیرامیٹرز کے مطابق ہونے چاہئیں تاکہ صارفین …

اسلام آباد۔17ستمبر (اے پی پی):وفاقی وزیر توانائی سردار اویس احمد خان لغاری نے تمام ڈسکوز کو کنزیومر پرسیپشن سروے کے طریقہ کار، معیارات اور شیڈول کو حتمی شکل دے کر سروے فوری طور پر شروع کرنے کے احکامات جاری کئے ہیں۔ ترجمان پاور ڈویژن کے مطابق وفاقی وزیر پاور ڈویژن کی زیر صدارت اجلاس میں انہوں نے ہدایت کی کہ سروے کے معیارات نیپرا کے مقرر کردہ پیرامیٹرز کے مطابق ہونے چاہئیں تاکہ صارفین کی رائے کو حقیقی معنوں میں اہمیت دی جا سکے۔

اس سے ڈسکوز کی کارکردگی اور خدمات پر صارفین کے اطمینان کا تعین ہوگا اور سروے کے نتائج مستقبل کی پالیسی سازی میں معاون ثابت ہوں گے۔وفاقی وزیر نے احکامات دیئے کہ متعلقہ فریقین سروے کی منظوری جلد از جلد مکمل کریں تاکہ عمل بلا تاخیر شروع ہو، سروے ہر چھ ماہ بعد لازمی طور پر مکمل کیا جائے جبکہ سالانہ شیڈول میں کم از کم ایک سروے موسمِ گرما میں شامل ہو۔ وفاقی وزیر نے کہا کہ یہ سروے محض انتظامی کارروائی نہیں بلکہ صارفین کی فلاح اور خدمت کے عزم کا عملی مظہر ہے جس کا مقصد عوام کو فراہم کردہ خدمات میں بہتری لانا ہے۔

اویس لغاری نے صارفین سے اپیل کی کہ سروے کے دوران اپنی دیانتدارانہ اور بلا جھجک رائے دیں کیونکہ ان کی سچی رائے ہی ادارے کی کارکردگی میں بہتری کی بنیاد بنے گی اور حکومت و متعلقہ اداروں کو زیادہ باخبر، شفاف اور دانشمندانہ فیصلے کرنے کے قابل بنائے گی جس سے بجلی کے شعبے میں صارفین کے اعتماد اور اطمینان میں اضافہ ہوگا۔