تمغۂ امتیاز کے بعد میاں محمد کاشف اشفاق کا شاندار استقبال، ٹوبہ ٹیک سنگھ میں جشن کا ماحول
تمغۂ امتیاز کے بعد میاں محمد کاشف اشفاق کا شاندار استقبال، ٹوبہ ٹیک سنگھ میں جشن کا ماحول

مزید خبریں
لاہور۔26مئی (اے پی پی):پاکستان فرنیچر کونسل اور چن ون کے چیف ایگزیکٹو آفیسر میاں محمد کاشف اشفاق کا تمغہ امتیاز حاصل کرنے کے بعد رجانہ انٹرچینج پہنچنے پر تاریخی اور پرتپاک عوامی استقبال کیا گیا۔ انہیں یہ صدارتی اعزاز تجارت، انسانیت، صنعت اور پاکستان کے فرنیچر سیکٹر کے فروغ میں نمایاں خدمات کے اعتراف میں دیا گیا ہے۔ اس موقع پر تاجروں، صنعتکاروں، سماجی کارکنوں، سیاسی شخصیات اور شہریوں کی بڑی تعداد نے منگل کو رجانہ پہنچنے پر ان کا پرجوش خیرمقدم کیا۔
فضا نعروں، پھولوں کی پتیاں نچھاور کرنے اور مبارکباد کے نعروں سے گونجتی رہی جبکہ شرکا نے میاں کاشف اشفاق کو ملنے والے قومی اعزاز پر فخر کا اظہار کیا۔ وفاقی ٹیکس محتسب کے مشیر ڈاکٹر وقار چوہدری آرائیں نے اس موقع پر کہا کہ تمغہ امتیاز صرف میاں محمد کاشف اشفاق کی بصیرت افروز قیادت کا اعتراف نہیں بلکہ پاکستانی فرنیچر، برآمدات اور معاشی سرگرمیوں کے فروغ کے لیے ان کی گرانقدر خدمات کا بھی قومی اعتراف ہے۔
بعدازاں انہیں ایک عظیم الشان موٹر کیڈ ریلی کی صورت میں ان کے آبائی شہر ٹوبہ ٹیک سنگھ لے جایا گیا۔ سینکڑوں گاڑیاں اس قافلے کا حصہ بنیں جبکہ راستوں میں کھڑے لوگوں نے گرمجوشی سے ان کا استقبال کیا۔ یہ تقریب اہلِ علاقہ کے لیے ایک یادگار جشن میں تبدیل ہوگئی اور شہریوں نے اس اعزاز کو پورے خطے کے لیے باعثِ فخر قرار دیا۔








