توانائی بحران پر قابو پانے کے لیے بلوچستان کے قابلِ تجدید توانائی وسائل سے استفادہ کرنا وقت کی اہم ضرورت ہے،افتخار علی ملک

سارک چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری کے سابق صدر افتخار علی ملک نے کہا ہے کہ ملک میں توانائی بحران پر قابو پانے اور صنعتوں کو کم لاگت بجلی فراہم کرنے کے لیے بلوچستان کے وسیع قابلِ تجدید توانائی وسائل سے فوری استفادہ کرنا وقت کی اہم ضرورت ہے

لاہور۔26جولائی (اے پی پی):سارک چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری کے سابق صدر افتخار علی ملک نے کہا ہے کہ ملک میں توانائی بحران پر قابو پانے اور صنعتوں کو کم لاگت بجلی فراہم کرنے کے لیے بلوچستان کے وسیع قابلِ تجدید توانائی وسائل سے فوری استفادہ کرنا وقت کی اہم ضرورت ہے۔ اتوار کو بیان میں انہوں نے کہا کہ بلوچستان میں تقریبا12 لاکھ میگاواٹ شمسی اور20 ہزار میگاواٹ توانائی پیدا کرنے کی صلاحیت موجود ہے جبکہ صوبے کے تقریبا40 فیصد علاقے میں روزانہ6 کلو واٹ فی مربع میٹر سے زیادہ شمسی شعاعیں دستیاب ہیں۔ انہوں نے کہا کہ زرعی ٹیوب ویلوں کو شمسی توانائی پر منتقل کرنے، پبلک پرائیویٹ پارٹنرشپ، بینک فنانسنگ، سازگار کاروباری ماحول اور بہتر سکیورٹی کے ذریعے ملکی و غیر ملکی سرمایہ کاری کو فروغ دیا جا سکتا ہے۔ انہوں نے کہا کہ بلوچستان میں قابلِ تجدید توانائی کے منصوبے نہ صرف پاکستان کے توانائی بحران کے حل میں مددگار ثابت ہوں گے بلکہ کاربن کریڈٹس اور بین الاقوامی موسمیاتی فنڈنگ کے حصول کے نئے مواقع بھی پیدا کریں گے۔