تھائی لینڈ ہمارے شہری انفراسٹرکچر کے خلاف فوری طور پر فوجی کارروائیاں بند کرے، کمبوڈیا

نوم پنہ ۔13دسمبر (اے پی پی):کمبوڈیا نے تھائی لینڈ سے مطالبہ کیا ہے کہ وہ کمبوڈیا اور اس کے شہری انفراسٹرکچر کے خلاف فوری طور پر فوجی کارروائیاں بند کرے۔شنہوا کے مطابق یہ بات کمبوڈیا کے وزیر اطلاعات نیتھ فیکترا نے ہفتےکوکہی۔انہوں نے بتایا کہ ہفتے کی صبح تھائی افواج نے دو ایف-16 جنگی طیاروں کے ذریعے صوبہ پورسات کے ضلع ویئل وینگ میں تھمور دا چیک پوسٹ پر واقع …

نوم پنہ ۔13دسمبر (اے پی پی):کمبوڈیا نے تھائی لینڈ سے مطالبہ کیا ہے کہ وہ کمبوڈیا اور اس کے شہری انفراسٹرکچر کے خلاف فوری طور پر فوجی کارروائیاں بند کرے۔شنہوا کے مطابق یہ بات کمبوڈیا کے وزیر اطلاعات نیتھ فیکترا نے ہفتےکوکہی۔انہوں نے بتایا کہ ہفتے کی صبح تھائی افواج نے دو ایف-16 جنگی طیاروں کے ذریعے صوبہ پورسات کے ضلع ویئل وینگ میں تھمور دا چیک پوسٹ پر واقع ایک ہوٹل اور دو پلوں کو نشانہ بنایا۔

نیتھ فیکترا نے کہا کہ تھائی افواج نے اپنے حملے وسیع کرتے ہوئے کمبوڈین شہریوں، رہائشی دیہات اور شہری انفراسٹرکچر کو نشانہ بنایا ہے۔ انہوں نے کہا کہ جمعہ تک تھائی فوجی کارروائیوں کے نتیجے میں 11 شہری جاں بحق اور 59 زخمی ہو چکے ہیں۔وزیر اطلاعات کے مطابق پانچ صوبوں میں 89 ہزار 687 خاندان بے گھر ہو چکے ہیں، جن کی مجموعی تعداد 3 لاکھ 3 ہزار 213 افراد بنتی ہے۔

انہوں نے کہا کہ تھائی لینڈ نے کمبوڈیا کی خودمختاری کی بارہا خلاف ورزی کی ہے اور کمبوڈین حدود میں مسلسل فوجی کارروائیوں کے ذریعے جنگ بندی کو ختم کر دیا ہے۔نیتھ فیکترا نے کہا کہ کمبوڈیا امن، مذاکرات اور بین الاقوامی قانون کے لیے اپنے عزم پر قائم ہے۔

ادھر تھائی لینڈ کے نگران وزیر اعظم انوتن چارن ویراکول اور کمبوڈیا کے وزیر اعظم ہن مانیت نے کہا کہ انہوں نے سرحدی تنازع پر گزشتہ روز امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ سے علیحدہ علیحدہ فون پر بات چیت کی۔ بعد ازاں صدر ٹرمپ نے کہا کہ دونوں رہنماؤں نے جمعے کی شام سے جنگ بندی پر اتفاق کر لیا ہے، تاہم تھائی حکام نےآج( ہفتے کو) اس دعوے کی تردید کی۔یاد رہے کہ کمبوڈیا اور تھائی لینڈ کے درمیان سرحدی تنازع 7 دسمبر سے دوبارہ شدت اختیار کر گیا ہے۔