تھانہ شاہ قبول پشاور سرکل پولیس نے منگل کے روز کارروائی کرتے ہوئے دکانوں سے چوری کر نے والا ملزم گرفتار کرکے مال مسروقہ برآمد کر لیا
تھانہ شاہ قبول پشاور سرکل پولیس کی کارروائی، دکانوں سے چوری کر نے والا ملزم گرفتار،مال مسروقہ برآمد

مزید خبریں
پشاور۔ 06 اکتوبر (اے پی پی):تھانہ شاہ قبول پشاور سرکل پولیس نے منگل کے روز کارروائی کرتے ہوئے دکانوں سے چوری کر نے والا ملزم گرفتار کرکے مال مسروقہ برآمد کر لیا ۔کیپٹل سٹی پولیس پشاور تر جمان کے مطابق تھانہ شاہ قبول کی حدود میں گزشتہ ماہ تین دکانوں کا صفایا کرنے والے منظم چور گروہ کا سراغ لگا لیا گیا۔ پولیس نے گینگ کے اہم ملزم کو گرفتار کرکے اس کے قبضے سے 93 لاکھ روپے مسروقہ رقم برآمد کرلی۔مورخہ 3 ستمبر 2026 کو نزد لیڈی گرفت گرلز سکول نامعلوم ملزمان نے تین دکانوں میں واردات کے دوران تین دکانوں سے مجموعی طور پر ایک کروڑ سے زائد روپے چوری کیے گئے تھے۔واقعے کا سی سی پی او پشاور ڈاکٹر میاں سعید احمد نے سختی سے نوٹس لیتے ہوئے ایس پی سٹی ڈویژن شاہد عدنان کی نگرانی میں ڈی ایس پی سٹی سرکل شہنشاہ خان، ایس ایچ او تھانہ شاہ قبول شاہ خالد خان اور تفتیشی افسر اعزاز عالم خان پر مشتمل خصوصی ٹیمیں تشکیل دیں۔خصوصی ٹیموں نے اہم شواہد، سی سی ٹی وی فوٹیج اور جدید سائنسی و تکنیکی ذرائع کی مدد سے تفتیش کا دائرہ کار وسیع کرتے ہوئے متعدد مشتبہ افراد کو شاملِ تفتیش کیا، جس کے نتیجے میں واردات میں ملوث منظم گینگ کا سراغ لگا لیا گیا۔ایس پی سٹی شاہد عدنان کی نگرانی میں پولیس ٹیم نے کارروائی کرتے ہوئے گینگ کے اہم ملزم عثمان ولد غلام حسین سکنہ بھانہ ماڑی تیمر گھڑے حال رحمان کورٹ قمر دین گھڑی کو گرفتار کرلیا، جبکہ اس کے قبضے سے 93 لاکھ روپے مسروقہ رقم برآمد کرلی گئی۔دورانِ تفتیش گرفتار ملزم نے گینگ کے دیگر ساتھیوں کے نام بھی اگل دیے ہیں، جن کی گرفتاری کے لیے کارروائیاں جاری ہیں۔گرفتار ملزم سے مزید اہم انکشافات کی توقع ہے۔








