تھانہ کینٹ کی حدود ڈیال روڈ پر دہشتگردی کی واردات

82

ڈیرہ اسماعیل خان۔ 15 جنوری (اے پی پی):تھانہ کینٹ کی حدود ڈیال روڈ پر دہشتگردی کی واردات میں بچوں کو سکول چھوڑ کر گھر واپس جانے والے 40سالہ پولیس ہیڈ کانسٹیبل ارشد بلوچ کو فائرنگ کرکے شہید کردیا گیا۔ ۔ تفصیلات کے مطابق 40سالہ ہیڈکانسٹیبل ارشد بلوچ ولد شاہجہان سکنہ بستی مہیڑ موٹرسائیکل پر بچوں کو سکول چھوڑ کر گھر واپس آرہا تھا کہ تھانہ کینٹ کی حدود ڈیال روڈ نزد بنگلہ پرویز خان گنڈہ پور نامعلوم موٹرسائیکل سواروں نے فائرنگ کر دی۔ فائرنگ سے شدید زخمی ہیڈکانسٹیبل ارشد بلوچ کو فوری طور پر سول ہسپتال ڈیرہ منتقل کیا گیا، جہاں وہ زخموں کی تاب نہ لاتے ہوئے زندگی کی بازی ہار گیا۔ شہید ہیڈکانسٹیبل ارشد بلوچ تھانہ شورکورٹ میں تعینات تھا۔ شہید ہونیوالے ہیڈ کانسٹیبل محمد ارشد بلوچ کی نماز جنازہ اعجاز شہید پولیس لائنز میں ادا کی گئی۔ نماز جنازہ میں ڈسٹرکٹ پولیس آفیسر ڈیرہ سجاد احمد صاحبزادہ،ایس پی سی ٹی ڈی افتخار علی شاہ، ایس پی سٹی طیب جان، اے ایس پی سببرب محمد نعمان، ڈی ایس پیز سمیت دیگر اہم شخصیات و جوان شریک تھے ۔ پولیس کے چاک و چوبند دستے نے شہید کی میت کو سلامی دی جس کے بعد شہید کے جسد خاکی کو سرکاری اعزاز کے ساتھ آبائی علاقہ روانہ کردیاگیا ۔