جازنے مالی سال 2025 کے دوران نیٹ ورک کی صلاحیت میں اضافے، ڈیجیٹل پلیٹ فارمز کو مضبوط بنانے اور خود کو ایک نمایاں مربوط ڈیجیٹل سروس کمپنی”جاز ورلڈ“میں تبدیل کرنے کے عمل کو تیز کرنےکے لئے 58.676 ارب روپے کی سرمایہ کاری کی ہے، اس وژن کے تحت کمپنی کنکٹیویٹی، فن ٹیک، انٹرٹینمنٹ، انشورنس اور مختلف ڈیجیٹل پلیٹ فارمز پر مشتمل ایک جامع ڈیجیٹل ایکو سسٹم تشکیل دے رہی ہے،
جاز کی 2025 میں 58.7 ارب روپے کی سرمایہ کاری، چوتھی سہ ماہی میں مضبوط کاروباری ترقی

مزید خبریں
اسلام آباد۔13مارچ (اے پی پی):جازنے مالی سال 2025 کے دوران نیٹ ورک کی صلاحیت میں اضافے، ڈیجیٹل پلیٹ فارمز کو مضبوط بنانے اور خود کو ایک نمایاں مربوط ڈیجیٹل سروس کمپنی”جاز ورلڈ“میں تبدیل کرنے کے عمل کو تیز کرنےکے لئے 58.676 ارب روپے کی سرمایہ کاری کی ہے، اس وژن کے تحت کمپنی کنکٹیویٹی، فن ٹیک، انٹرٹینمنٹ، انشورنس اور مختلف ڈیجیٹل پلیٹ فارمز پر مشتمل ایک جامع ڈیجیٹل ایکو سسٹم تشکیل دے رہی ہے، یہ سرمایہ کاری کنکٹیویٹی کو بہتر بنانے، ڈیجیٹل سروسز کے دائرہ کار کو بڑھانے اور صارفین کے تجربے اور آپریشنز میں مصنوعی ذہانت کو شامل کرنے پر مرکوز ہے، جو کمپنی کی AI1440 (آگمینٹڈ انٹیلی جنس) حکمت عملی کے مطابق پاکستان میں 100 ملین سے زائد صارفین کی خدمت کے لیے ترتیب دی گئی ہے۔
یہاں جاری پریس ریلیز کے مطابق جاز نے سال کا اختتام مضبوط مالی کارکردگی کے ساتھ کیا۔ چوتھی سہ ماہی 2025 میں مجموعی آمدنی میں سال بہ سال 24.5 فیصد اضافہ ریکارڈ کیا گیا جبکہ مالی سال 2025 کے دوران آمدنی میں 18.6 فیصد اضافہ ہوا۔ یہ اضافہ بنڈل آفرز کے بڑھتے ہوئے استعمال اور ڈیجیٹل پلیٹ فارمز کی آمدنی میں بڑھتے ہوئے حصے کے باعث ممکن ہوا۔ٹیلی کام اور انفراسٹرکچر سروسز سے حاصل ہونے والی آمدنی میں سال بہ سال 17.7 فیصد اضافہ ہوا، جس کی بنیادی وجوہات میں موبائل صارفین کی تعداد میں 3.3 فیصد اضافہ اور ARPU میں 21.3 فیصد اضافہ شامل ہیں۔ یہ ترقی مؤثر ری پرائسنگ، پری پیڈ سروسز کی بہتر مونیٹائزیشن اور کنکٹیویٹی کے ساتھ ڈیجیٹل سروسز پر مشتمل بنڈلز کے بڑھتے ہوئے استعمال کا نتیجہ ہے، اس کے ساتھ جازکے نیٹ ورک کے معیار اور مربوط سروسز نے صارفین کی وابستگی کو مزید مضبوط بنایا۔
چوتھی سہ ماہی 2025 میں ڈیجیٹل آمدنی میں سال بہ سال 43.7 فیصد اضافہ ہوا اور مجموعی آمدنی میں اس کا حصہ بڑھ کر 30.2 فیصد ہو گیا جو کہ چوتھی سہ ماہی 2024 میں 26.1 فیصد تھا۔ جازکیش نے ڈیجیٹل مالیاتی خدمات میں اپنی قیادت برقرار رکھی اور اس کے صارفین کی تعداد 58 ملین سے تجاوز کر گئی جبکہ 2025 کے دوران مجموعی لین دین کی مالیت 15 ٹریلین روپے سے بڑھ گئی۔ ایک ملین سے زائد مرچنٹس اور ایجنٹس کے ساتھ یہ پلیٹ فارم راست ادائیگی نظام کے مجموعی لین دین میں نمایاں حصہ ڈال رہا ہے۔ اس کے علاوہ روزانہ اوسطاً 185,000 قرضے جاری کیے گئے اور سہ ماہی کے دوران ایک دن میں سب سے زیادہ صارفین تک پہنچنے کا ریکارڈ قائم ہوا جب تقریباً 266,000 قرضوں کے ذریعے 1.4 ارب روپے تقسیم کئے گئے۔
موبی لنک مائیکروفنانس بینک نے بھی چوتھی سہ ماہی 2025 میں مضبوط کارکردگی دکھائی اور پاکستان کے سب سے بڑے مائیکروفنانس بینک کے طور پر اپنی پوزیشن مزید مستحکم کی۔ اس دوران غیر بینکاری سہولیات سے محروم طبقات کے لیے مالی شمولیت کو فروغ دیتے ہوئے اسلامی بینکاری مصنوعات بھی متعارف کرائی گئیں۔چوتھی سہ ماہی 2025 کے دوران EBITDA میں سال بہ سال 50.6 فیصد اضافہ ہوا اور مارجن بڑھ کر 45.7 فیصد تک پہنچ گیا، جو گزشتہ سال کے مقابلے میں 7.9 فیصد پوائنٹس زیادہ ہے۔ مالی سال 2025 میں EBITDA میں 23.2 فیصد اضافہ ہوا، جس کی وجہ آمدنی میں اضافہ، Deodar ٹرانزیکشن سے حاصل ہونے والی کارکردگی اور مالی نظم و ضبط رہا۔ اس سہ ماہی میں مجموعی سرمایہ جاتی اخراجات 20.8 ارب روپے رہے جبکہ سہ ماہی کیپیکس (Capex) شدت 16.9 فیصد رہی۔حالیہ سپیکٹرم نیلامی میں جاز نے 239.5 ملین امریکی ڈالر کے عوض 190 میگا ہرٹز اسپیکٹرم حاصل کیا جس سے نیٹ ورک کی صلاحیت مزید مضبوط ہوگی اور آئندہ نسل کی کنیکٹیویٹی سروسز کے آغاز میں مدد ملے گی۔
جاز ورلڈ کے چیف ایگزیکٹو آفیسر عامر ابراہیم نے کہا کہ ہماری کارکردگی پاکستان کی صفِ اول انٹیگریٹڈ ڈیجیٹل سروس کمپنی جاز ورلڈ میں ہماری تبدیلی کی رفتار کو ظاہر کرتی ہے۔ ہماری AI1440 حکمت عملی کے تحت ہم اپنے پلیٹ فارمز میں ڈیجیٹل صلاحیتوں اور مصنوعی ذہانت کو شامل کر رہے ہیں تاکہ 100 ملین سے زائد صارفین کے لیے زیادہ بہتر، سمارٹ اور جامع ڈیجیٹل تجربات فراہم کئے جا سکیں۔ نیٹ ورک انفراسٹرکچر میں مسلسل سرمایہ کاری، حالیہ سپیکٹرم نیلامی میں حاصل کردہ اضافی سپیکٹرم اور آئندہ تین سالوں میں 1 ارب ڈالر کی مجوزہ سرمایہ کاری ہمارے نیٹ ورک کو مزید مضبوط بنائے گی اور مرحلہ وار فائیو جی کے آغاز کی تیاری میں مدد دے گی۔ اس کے ذریعے پاکستان کے مزید لاکھوں افراد کو ڈیجیٹل معیشت کے مواقع سے جوڑا جا سکے گا اور ٹیکنالوجی کے ذریعے بہتر زندگی کے امکانات فراہم کئے جا سکیں گے۔
اس سہ ماہی کے دوران جازکے مجموعی صارفین کی تعداد 73.9 ملین تک پہنچ گئی جبکہ 4 جی صارفین کی تعداد 55.5 ملین سے تجاوز کر گئی جو سال بہ سال 9.8 فیصد اضافہ ہے۔ اسی دوران 4 جی کی رسائی بڑھ کر 75.2 فیصد ہو گئی۔ ملٹی پلے صارفین یعنی وہ صارفین جو کنکٹیویٹی کے ساتھ ڈیجیٹل سروسز بھی استعمال کرتے ہیں ،کی تعداد میں 12 فیصد اضافہ ہوا اور اب یہ مجموعی صارفین کا 38 فیصد ہیں جبکہ ان کی ARPU صرف وائس استعمال کرنے والے صارفین کے مقابلے میں تقریباً 3.3 گنا زیادہ ہے۔جاز کے ڈیجیٹل پلیٹ فارمز پر صارفین کی سرگرمی بھی نمایاں رہی۔ تماشاکے ماہانہ فعال صارفین 17.5 ملین تک پہنچ گئے۔ سم اوسا کے ماہانہ فعال صارفین 24.1 ملین ہو گئے۔ فکر فری کے پالیسی ہولڈرز کی تعداد 11.2 ملین سے تجاوز کر گئی جبکہ روکس کے ماہانہ فعال صارفین 1.5 ملین تک پہنچ گئے۔








