جدہ میں پاکستانی قونصلیٹ نے نادرا اورمشین ریڈایبل پاسپورٹ کی خدمات کے لیے آن لائن اپائنٹمنٹ لازمی قرار دے دی

جدہ میں پاکستانی قونصلیٹ جنرل نے نادرا اور مشین ریڈایبل پاسپورٹ (MRP) کی خدمات کے لیے آن لائن اپائنٹمنٹ سسٹم متعارف کرا دیا ،جس کا مقصد سعودی عرب کے مغربی علاقے میں مقیم لاکھوں پاکستانیوں کے لیے قونصلر خدمات کو جدید، آسان اور زیادہ منظم بنانا ہے۔ جدہ میں پاکستان کے قونصل جنرل سید مصطفیٰ ربانی نے آن لائن اپائنٹمنٹ سسٹم کا آغاز کیا۔ اس موقع پور انہوں نے کہا …

جدہ۔24ستمبر (اے پی پی):جدہ میں پاکستانی قونصلیٹ جنرل نے نادرا اور مشین ریڈایبل پاسپورٹ (MRP) کی خدمات کے لیے آن لائن اپائنٹمنٹ سسٹم متعارف کرا دیا ،جس کا مقصد سعودی عرب کے مغربی علاقے میں مقیم لاکھوں پاکستانیوں کے لیے قونصلر خدمات کو جدید، آسان اور زیادہ منظم بنانا ہے۔ جدہ میں پاکستان کے قونصل جنرل سید مصطفیٰ ربانی نے آن لائن اپائنٹمنٹ سسٹم کا آغاز کیا۔ اس موقع پور انہوں نے کہا کہ اس اقدام کا مقصد قونصلر خدمات کو شہریوں کے لیے زیادہ آسان اور بہتر بنانا ہے۔

نئے نظام کے تحت پاکستانی شہری اپنی مطلوبہ نادرا یا پاسپورٹ سروس کے لیے آن لائن اپائنٹمنٹ حاصل کر سکیں گے اور مقررہ تاریخ اور وقت پر قونصلیٹ پہنچ کر درخواست کا عمل مکمل کریں گے۔ یکم اکتوبر سے نادرا اور مشین ریڈایبل پاسپورٹ کی خدمات صرف اپائنٹمنٹ کی بنیاد پر فراہم کی جائیں گی۔ قونصل جنرل نے کہا کہ اپائنٹمنٹ کی بکنگ 20 ستمبر سے شروع ہو چکی ہے۔ پاکستانی کمیونٹی اپنے گھروں سے ہی اپنی سہولت کے مطابق دستیاب وقت کا انتخاب کرکے اپائنٹمنٹ حاصل کر سکتی ہے۔ اس اقدام کا بنیادی مقصد شہریوں کو قونصلیٹ میں طویل انتظار اور غیر ضروری قطاروں سے بچانا اور خدمات کی مجموعی فراہمی کو بہتر بنانا ہے۔ اپائنٹمنٹ حاصل کرنے کے بعد درخواست گزار کو SMS کے ذریعے اطلاع اور ٹریکنگ آئی ڈی موصول ہوگی۔

اس ٹریکنگ آئی ڈی کے ذریعے وہ اپنی اپائنٹمنٹ کی صورتحال آن لائن چیک کر سکیں گے۔ قونصلیٹ کے مطابق نئے نظام کو تیز، آسان، محفوظ اور قابلِ اعتماد بنانے پر خصوصی توجہ دی گئی ہے۔ قونصل جنرل نے کہا کہ اس نظام سے خدمات کی فراہمی میں زیادہ نظم و ضبط اور شفافیت آئے گی جبکہ شہریوں کا قیمتی وقت بھی بچے گا۔ مقررہ اوقات کے باعث قونصلیٹ میں رش اور انتظار کا دورانیہ بھی کم ہونے کی توقع ہے۔ پاکستانی قونصلیٹ کی جانب سے جاری معلومات کے مطابق پاکستانی شہری آن لائن اپائنٹمنٹ کے لیے قونصلیٹ کے پورٹل appointment.parepjeddah.org پر بکنگ کر سکتے ہیں۔ مزید رہنمائی کے لیے قونصلیٹ نے درج ذیل نمبرز 0126689149 ، 0558577893 ، 0558606308 ،0501914472 رابطہ کر سکتے ہیں جبکہ ای میل [email protected]کے ذریعے بھی معلومات حاصل کی جا سکتی ہیں۔

قونصلیٹ جنرل نے پاکستانی کمیونٹی پر زور دیا ہے کہ وہ یکم اکتوبر سے قبل نئے اپائنٹمنٹ سسٹم سے آگاہ ہو جائیں اور نادرا اور MRP خدمات کے لیے پیشگی اپائنٹمنٹ حاصل کریں۔بریفنگ کے دوران پاکستانی قونصل جنرل سید مصطفیٰ ربانی نے میڈیا کے نمائندوں کو نئے نظام کے مختلف پہلوئوں سے آگاہ کیا اور اس عزم کا اظہار کیا کہ پاکستانی کمیونٹی کے لیے قونصلر خدمات کو مزید آسان، منظم اور موثر بنایا جائے گا۔