جدید اور منفرد ٹیکنالوجی کا حصول پاکستان نیوی کیلئے ناگزیر سٹریٹجک ضرورت ہے، سربراہ پاک بحریہ ایڈمرل نوید اشرف
جدید اور منفرد ٹیکنالوجی کا حصول پاکستان نیوی کیلئے ناگزیر سٹریٹجک ضرورت ہے، سربراہ پاک بحریہ ایڈمرل نوید اشرف
راولپنڈی۔6مئی (اے پی پی):پاک بحریہ کے سربراہ ایڈمرل نوید اشرف نے روایتی اور غیر روایتی چیلنجز کے مقابلے کے لیے ہمہ وقت جنگی تیاری برقرار رکھنے پر زور دیتے ہوئے کہا ہے کہ جدید اور منفرد ٹیکنالوجی کا حصول پاکستان نیوی کے لیے ایک ناگزیر سٹریٹجک ضرورت ہے۔بدھ کو آئی ایس پی آر سے جاری بیان کے مطابق پاکستان نیوی کی کمانڈ اینڈ سٹاف کانفرنس نیول ہیڈکوارٹر اسلام آباد میں اختتام پذیر ہوگئی۔
کانفرنس کی صدارت چیف آف دی نیول سٹاف ایڈمرل نوید اشرف نے کی جبکہ اس میں پرنسپل سٹاف آفیسرز اور فیلڈ کمانڈرز نے شرکت کی۔کانفرنس کے دوران نیول چیف نے روایتی اور غیر روایتی چیلنجز کے مقابلے کے لیے ہمہ وقت جنگی تیاری برقرار رکھنے پر زور دیا۔ مشرق وسطیٰ کی موجودہ صورتحال کے تناظر میں انہوں نے سمندری میدان میں ابھرتے خطرات جیسے کہ جہازرانی کی آزادی، اہم بحری راستوں میں ممکنہ خلل اور اہم گزرگاہوں پر غیر مستحکم سکیورٹی صورتحال کا ذکر کیا۔
ایڈمرل نوید اشرف نے اس بات پر زور دیا کہ جدید اور منفرد ٹیکنالوجی کا حصول پاکستان نیوی کے لیے ایک ناگزیر سٹریٹجک ضرورت ہے۔نیول چیف نے مزید کہا کہ پاکستان نیوی خطے میں امن، استحکام اور بحری سکیورٹی کو یقینی بنانے میں اہم کردار ادا کر رہی ہے۔ انہوں نے بتایا کہ پاکستان نیوی گلف آف عمان میں اپنی موجودگی کے ذریعے بحری برادری کو تحفظ کی یقین دہانی فراہم کر رہی ہے۔اس موقع پر فورم نے ’’معرکہ حق‘‘ کی پہلی سالگرہ بھی منائی اور مئی 2025ء کی جنگ میں دی جانے والی قربانیوں کو خراج عقیدت پیش کیا۔
نیول چیف نے اس کامیابی کو قومی یکجہتی اور بیرونی جارحیت کے خلاف مضبوط عزم کی علامت قرار دیا۔کانفرنس میں آپریشنل تیاری، جاری منصوبوں اور مستقبل کے پروگرامز کا تفصیلی جائزہ لیا گیا۔ گفتگو کا محور بدلتی ہوئی علاقائی بحری سکیورٹی صورتحال کے مطابق ترجیحات کو ہم آہنگ کرنا اور بحری جنگ کے مختلف شعبوں میں تیاری کو بہتر بنانا تھا۔کمانڈ اینڈ سٹاف کانفرنس پاکستان نیوی کا اعلیٰ ترین فیصلہ ساز فورم ہے جہاں نیول چیف، پرنسپل سٹاف آفیسرز اور فیلڈ کمانڈرز اہم پالیسیوں اور حکمت عملی پر غور کرتے ہیں۔









