جدید طریقوں سے دالوں کی کاشت اور برداشت سے فی ایکٹر پیداوار میں اضافہ کیا جا سکتاہے، ڈائریکٹر محکمہ زراعت

Import of pulses
Import of pulses

فیصل آباد۔ 19 مارچ (اے پی پی):پرنسپل ایگری کلچر آفیسر و ڈویژنل ڈائریکٹرمحکمہ زراعت توسیع فیصل آبادچوہدری عبدالحمید نے کہا کہ دالوں کی کاشت اور برداشت کے جدید طریقوں سے دالوں کی فی ایکڑ پیداوار میں اضافہ کیاجا سکتاہے ، اس لئے ضرورت اس امر کی ہے کہ اس سلسلے میں جدید طریقے وضع کئے جائیں جو وقت کی اشد ضرورت ہیں۔ انہوں نے دالوں کی کاشت کی اہمیت کواجاگر کرتے ہوئے کہا کہ دیگر فصلوں کے مقابلے میں دالوں کی پیداواری لاگت کم ہے جبکہ یہ کم عرصے تک کھیت میں رہتی ہیں اور ان کی کاشت منافع بخش ہے۔

انہوں نے بتایاکہ دالوں کی مخلوط کاشت، جڑی بوٹیوں کی تلفی،بارشوں کے نقصانات سے بچاؤ کے طریقوں اور دالوں کے پھولوں کو ایک وقت پر لانے کےلئے تحقیقاتی کام کو مزید بہتر بنانے کےلئے بھی اقدامات کئے جارہے ہیں اور زرعی سائنسدانوں کی جانب سے پیش کردہ نئی تجاویز کی روشنی میں تحقیقاتی پروگرام کو حتمی شکل دی جارہی ہے تاکہ دالوں کے کاشتہ رقبہ میں اضافہ سمیت جدید پیداواری ٹیکنالوجی کے استعمال سے فی ایکڑ بمپر کراپ کاحصول ممکن بنایاجاسکے۔ انہوں نے زرعی سائنسدانوں پر زور دیا کہ وہ دالوں کی ایسی اقسام تیار کریں جن کی کاشت سے پیداواری اتار چڑھاؤ کا خاتمہ کیا جاسکے اور دالوں کی پیداوار مستقبل بنیادوں پر بڑھائی جاسکے۔