نیشنل سائبر کرائم انویسٹی گیشن ایجنسی (این سی سی آئی اے)اسلام آباد زون کے ایڈیشنل ڈائریکٹر محمد شعیب نے مالیاتی فراڈ، بلیک میلنگ، ہراسمنٹ، ڈیپ فیک اور مصنوعی ذہانت کے ذریعے کیے جانے والے تمام آن لائن جرائم کے خلاف سخت کارروائی کا عزم ظاہر کرتے ہوئے اعلان کیا ہے کہ گزشتہ ایک سے دو سال کے دوران حل نہ ہونے والی تمام پرانی انکوائریوں کو دوبارہ کھول کر (ری …
جرائم کی روک تھام کا عزم، این سی سی آئی اے اسلام آباد کا پرانی زیرِ التوا انکوائریاں ری اوپن کرنے کا اعلان

مزید خبریں
اسلام آباد۔11اکتوبر (اے پی پی):نیشنل سائبر کرائم انویسٹی گیشن ایجنسی (این سی سی آئی اے)اسلام آباد زون کے ایڈیشنل ڈائریکٹر محمد شعیب نے مالیاتی فراڈ، بلیک میلنگ، ہراسمنٹ، ڈیپ فیک اور مصنوعی ذہانت کے ذریعے کیے جانے والے تمام آن لائن جرائم کے خلاف سخت کارروائی کا عزم ظاہر کرتے ہوئے اعلان کیا ہے کہ گزشتہ ایک سے دو سال کے دوران حل نہ ہونے والی تمام پرانی انکوائریوں کو دوبارہ کھول کر (ری اوپن) منطقی انجام تک پہنچایا جائے گا۔ انہوں نے واضح کیا کہ سائبر کرائمز کے شکار اور اذیت سے دوچار شہریوں کی داد رسی کے لیے ان کا دفتر 24 گھنٹے (24/7) کھلا رہے گا۔اپنے ویڈیو پیغام میں ایڈیشنل ڈائریکٹر این سی سی آئی اے اسلام آباد زون نے بتایا کہ وہ سیکٹر G-10 میں واقع نیشنل پولیس فاؤنڈیشن کی عمارت کے گراؤنڈ فلور پر دفتری امور انجام دے رہے ہیں جبکہ شہریوں کی سہولت کے لیے سیکٹر G-13 میں این سی سی آئی اے کا باقاعدہ تھانہ بھی چوبیس گھنٹے فعال ہے۔انہوں نے کہا کہ انٹرنیٹ پر مالی دھوکہ دہی، ہراساں کیے جانے یا جدید ڈیجیٹل ٹیکنالوجی کے ذریعے استحصال کا نشانہ بننے والے افراد براہِ راست ان کے پاس یا پولیس سٹیشن میں رجوع کر سکتے ہیں۔ انہوں نے خاص طور پر زور دیا کہ جن سائلین کی درخواستیں ایک، ڈیڑھ یا دو سال سے زیرِ التوا ہیں اور ان کا کوئی نتیجہ برآمد نہیں ہو سکا وہ فوری طور پر اپنی درخواستیں لے کر ان کے دفتر پہنچیں تاکہ ان پر فوری طور پر دوبارہ کارروائی شروع کر کے قانونی نتیجہ حاصل کیا جا سکے۔







