جعلی زرعی ادویات کے خلاف 2023 کے دوران کارروائیوں میں 37 کروڑ روپے مالیت کی ادویات پکڑی گئیں

لاہور۔7جنوری (اے پی پی):ترجمان محکمہ زراعت پنجاب کے مطابق نگران وزیر اعلی پنجاب محسن نقوی کی ہدایت پرعمل کرتے ہوئے محکمہ زراعت نے سال2023 کے دوران جعلی زرعی زہروں کیخلاف بھرپور کارروائیاں کیں تاکہ کاشتکاروں کو معیاری زرعی زہروں کی فراہمی یقینی بنائی جا سکے اور ان کی پیداواری لاگت میں کمی لائی جا سکے۔ اس ضمن میں سیکرٹری زراعت پنجاب نادر چٹھہ کی سربراہی میں شعبہ پیسٹ وارننگ اینڈ …

لاہور۔7جنوری (اے پی پی):ترجمان محکمہ زراعت پنجاب کے مطابق نگران وزیر اعلی پنجاب محسن نقوی کی ہدایت پرعمل کرتے ہوئے محکمہ زراعت نے سال2023 کے دوران جعلی زرعی زہروں کیخلاف بھرپور کارروائیاں کیں تاکہ کاشتکاروں کو معیاری زرعی زہروں کی فراہمی یقینی بنائی جا سکے اور ان کی پیداواری لاگت میں کمی لائی جا سکے۔

اس ضمن میں سیکرٹری زراعت پنجاب نادر چٹھہ کی سربراہی میں شعبہ پیسٹ وارننگ اینڈ کوالٹی کنٹرول آف پیسٹی سائیڈز نے جعلی زرعی ادویات کے خلاف کریک ڈائون جاری رکھا اور ان کارروائیوں کے دوران 11لاکھ74ہزار کلوگرام زہریں قبضہ میں لے کر حوالہ پولیس کی گئیں۔پکڑی گئی جعلی و ملاوٹ شدہ زہروں کی مالیت 37کروڑ روپے بنتی ہے۔

اس کے علاوہ زرعی زہروں کے معیار کو جانچنے کیلئے 9084نمونہ جات برائے تجزیہ لیبارٹریز کو بھجوائے گئے جن میں سے273 نمونہ جات غیر معیاری پائے گئے۔خفیہ اطلاعات پر 555 چھاپے مارے گئے اور679مقدمات کا اندراج کرایا گیا۔اس مہم کے دوران 242افراد کو موقع پر گرفتار کیا گیا۔

ترجمان محکمہ زراعت پنجاب نے مزید بتایا کہ سال 2023 کے دوران جعلی زہریں بنانے والی 19غیر قانونی فیکٹریاں /فرمز پکڑی گئیں۔734زرعی کمپنیاں بطور ڈسٹری بیوٹر پنجاب میں رجسٹرڈ ہوئیں اور 17099 افراد کو ڈیلرشپ لائسنس کااجرا کیاگیا۔