وزیر زراعت و لائیوسٹاک پنجاب سید عاشق حسین کرمانی اور سیکرٹری زراعت پنجاب افتخار علی سہو کی ہدایات پر جعلی، غیر رجسٹرڈ اور ملاوٹ شدہ کھادوں کے خلاف صوبہ بھر میں بلاامتیاز کارروائیاں جاری ہیں۔اس سلسلہ میں محکمہ زراعت ملتان کی ٹیم نے جمعرات کے روز یہاں بہاولپور روڈ
جعلی کھاد فیکٹری پرچھاپہ: 6 ملزمان گرفتار،46 لاکھ روپے سے زائد مالیت کی جعلی کھاد ودیگر سامان برآمد

مزید خبریں
ملتان۔ 18 جون (اے پی پی):وزیر زراعت و لائیوسٹاک پنجاب سید عاشق حسین کرمانی اور سیکرٹری زراعت پنجاب افتخار علی سہو کی ہدایات پر جعلی، غیر رجسٹرڈ اور ملاوٹ شدہ کھادوں کے خلاف صوبہ بھر میں بلاامتیاز کارروائیاں جاری ہیں۔اس سلسلہ میں محکمہ زراعت ملتان کی ٹیم نے جمعرات کے روز یہاں بہاولپور روڈ پر سکھا سٹاپ کے قریب قائم خفیہ غیر قانونی کھاد فیکٹری پر چھاپہ مار کر 46لاکھ روپے مالیت کی جعلی کھاد، خام مال اور مشینری برآمد کرکے چھ افراد کو گرفتارکرلیا،گرفتار ملزمان میں ابرار حسین، محمد شہزاد، محمد اشفاق، محمد اعظم، فیاض اور امتیاز شامل ہیں۔محکمہ زراعت کی ٹیم نے غیر قانونی کھاد فیکٹری کو سیل کر کے تمام برآمد شدہ سامان اور گرفتار ملزمان کو مزید قانونی کارروائی کے لیے متعلقہ پولیس کے حوالے کر دیا ہے۔
اسسٹنٹ ڈائریکٹر زراعت (توسیع) ملتان محمد اسد اللہ خان کی مدعیت میں تھانہ مظفرآباد ملتان میں مقدمہ کے اندراج کے لیے استغاثہ بھی دائر کر دیا گیا ہے۔ترجمان محکمہ زراعت ملتان نے کہا ہے کہ کاشتکاروں کے معاشی استحصال میں ملوث عناصر کے خلاف سخت قانونی کارروائیاں جاری ہیں اور جعلی زرعی مداخل کی تیاری، ذخیرہ اندوزی اور فروخت میں ملوث عناصر کو کسی صورت رعائیت نہیں دی جائے گی۔انہوں نے مزید کہاکہ محکمہ زراعت کی جانب سے صوبہ بھر میں جعلی کھادوں، زرعی ادویات اور غیر معیاری بیج کے خلاف کریک ڈاؤن بھرپور انداز میں جاری ہے اور زیرو ٹالرنس پالیسی کے تحت ایسے عناصر کے خلاف بلاامتیاز کارروائیاں عمل میں لائی جا رہی ہیں۔







