جمہوریت دشمن تاریخ کے کوڑے دان میں ہیں، سید نیئر حسین بخاری کا شہدا ءسانحہ کارساز کو خراج عقیدت

جمہوریت دشمن تاریخ کے کوڑے دان میں ہیں، سید نیئر حسین بخاری کا شہدا ءسانحہ کارساز کو خراج عقیدت

اسلام آباد۔18اکتوبر (اے پی پی):پاکستان پیپلز پارٹی پارلیمینٹرینز کےسیکرٹری جنرل سید نیئر حسین بخاری نے سانحہ کارساز کے شہدا کو خراج عقیدت پیش کرتے ہوئے کہا ہے کہ 18 اکتوبر کو سفاکانہ ذہنیت نے جمہوری سوچ پر حملہ کیا،سانحہ کارساز کے 177 شہدا اور 750 زخمی جیالے ہمارے ماتھے کا جھومر ہیں، سانحہ کارساز کے شہدا قومی و جمہوری ہیروز ہیں۔ پی پی پی میڈیا سیل دے جاری اپنے بیان میں سید نیئر حسین بخاری نے کہا کہ ’’کتنے بھٹو مارو گے، ہر گھر سے بھٹو نکلے گا‘‘۔

انہوں نے کہا کہ شہدائے کارساز نے شہید بے نظیر بھٹو پر اپنی جانیں قربان کیں،شہید بے نظیر بھٹو اور شہدائے جمہوریت تاریخ کا روشن اور ناقابل فراموش باب ہیں۔ انہوں نے کہا کہ جمہوری تسلسل شہدائے جمہوریت اور سیاسی غازیوں کی میراث ہے۔

رہنما پی پی پی پی نے مزید کہا کہ شہید بے نظیر بھٹو عوام کے دلوں میں زندہ ہیں جبکہ جمہوریت دشمن تاریخ کے کوڑے دان میں ہیں۔ انہوں نے کہا کہ آئین کی بالادستی، پارلیمان کی سربلندی اور جمہوریت کے لیے پیپلز پارٹی کی قربانیاں بے مثال ہیں،پیپلز پارٹی کی قیادت اور کارکنوں نے جمہوریت کے شجر کی آبیاری اپنے خون سے کی، شہدائے جمہوریت کی قربانیوں سے جمہوریت کی روشنی پھیل رہی ہے۔ نیئر بخاری نے کہا کہ شہدائے جمہوریت کی قربانیاں ہماری قومی و سیاسی تاریخ کا قیمتی اثاثہ ہیں۔

انہوں نے کہا کہ چیئرمین بلاول بھٹو زرداری کی قیادت میں آئینی، انسانی اور معاشی حقوق کی جدوجہد جاری رہے گی،جمہوریت کے استحکام اور پارلیمان کی تکریم و توقیر کے لیے جدوجہد جاری رکھیں گے۔ انہوں نے کہا کہ ہم 18 اکتوبر کے شہدا کارساز کو خراج عقیدت پیش کرتے ہیں۔