جمہوریت کے استحکام میں اخبارات کا غیر جانبدارانہ اور متوازن کردار قابل قدر ہے، نوجوان اخبار بینی کی عادت اپنائیں۔صدر آصف زرداری کا قومی یومِ اخباربینی پر پیغام

جمہوریت کے استحکام میں اخبارات کا غیر جانبدارانہ اور متوازن کردار قابل قدر ہے، نوجوان اخبار بینی کی عادت اپنائیں۔صدر آصف زرداری کا قومی یومِ اخباربینی پر پیغام

اسلام آباد۔25ستمبر (اے پی پی):صدر مملکت آصف علی زرداری نے نوجوانوں کو اخبارات کے مطالعہ کی عادت اپنانے پر زور دیتے ہوئے کہا ہے کہ جمہوریت کے استحکام میں اخبارات کا غیر جانبدارانہ اور متوازن کردار قابل قدر ہے۔ توقع ہے کہ اخبارات کے ایڈیٹوریل بورڈز ریاست اور معاشرے کے وسیع تر مفاد میں سماجی و اقتصادی، مذہبی اور سیاسی مسائل کے ساتھ ساتھ خارجہ پالیسی پر مناسب توجہ مرکوز رکھیں گے۔

انہوں نے یہ بات قومی یومِ اخباربینی کے موقع پر اپنے پیغام میں کہی جو 25 ستمبر کو منایا جا رہا ہے۔ صدر آصف علی زرداری نے اس دن کے موقع پر آزاد صحافت اور شہریوں کے حقوق کے تحفظ میں چوتھے ستون کی حیثیت سے اس کے کردار پر اپنے پختہ یقین کا اعادہ کرتے ہوئے ریاست و معاشرے سے متعلق اور فیصلہ سازوں کو جوابدہ بنانے کے حوالے سے اس کی ذمہ داریوں کی یاد دہانی کرائی۔ انہوں نے کہا کہ جبکہ ہم متنوع ذرائع ابلاغ کی تیز رفتار ترقی کا مشاہدہ کر رہے ہیں، اخبارات آج بھی رائے عامہ کی تشکیل اور باخبر شہری معاشرے کے فروغ میں اہم کردار ادا کر رہے ہیں۔انہوں نے کہا کہ آج بدلتے ہوئے ذرائع ابلاغ کے ماحول میں اخبارات کا مطالعہ اب صرف مطبوعہ صفحات تک محدود نہیں رہا بلکہ اخبارات تیزی سے ڈیجیٹل پلیٹ فارمز اور آن لائن رسائی کی دیگر اشکال کے ذریعے بھی قارئین تک پہنچ رہے ہیں۔

صدرمملکت نے کہا کہ مصنوعی ذہانت کی تیز رفتار ترقی، جعلی خبروں کو ہدف بنا کر پھیلانا اور ڈس انفارمیشن پر مبنی مہمات بھی ہماری سماجی اقدار، ثقافتی نقطہ نظر اور طرز عمل کو متاثر کر رہی ہیں۔ایسے ماحول میں ذمہ دارانہ ادارتی نگرانی کے تحت قابلِ اعتماد اور متوازن صحافت پہلے سے کہیں زیادہ اہمیت اختیار کر گئی ہے۔ صدر مملکت نے پاکستان کے نوجوانوں پر زور دیا کہ وہ اخبارات کے مطالعے کی عادت اپنائیں، خواہ مطالعہ مطبوعہ شکل میں ہو یا ڈیجیٹل پلیٹ فارمز کے ذریعے، اور اس کے ساتھ ساتھ خود کو جدید تکنیکی مہارتوں سے بھی آراستہ کریں۔انہوں نے کہا کہ میں جمہوریت کے استحکام میں اخبارات کے غیر جانب دارانہ اور متوازن کردار کو قدر کی نگاہ سے دیکھتا ہوں۔

میں یہ بھی توقع رکھتا ہوں کہ ادارتی بورڈز ریاست اور معاشرے کے وسیع تر مفاد میں سماجی و اقتصادی، مذہبی اور سیاسی مسائل کے ساتھ ساتھ خارجہ پالیسی کو بھی مناسب توجہ دیتے رہیں گے۔صدر آصف علی زرداری نے امید ظاہر کی کہ آل پاکستان نیوز پیپرز سوسائٹی (اے پی این ایس) اور کونسل آف پاکستان نیوز پیپر ایڈیٹرز (سی پی این ای)علاقائی و عالمی پیش ہائے رفت کے بارے میں باخبر قومی مباحثےاور وسیع تر عوامی فہم و آگاہی کے فروغ میں اپنا کردار جاری رکھیں گے۔ صدر مملکت نے اس موقع پر صحافت کے اعلیٰ ترین معیار کو برقرار رکھنے اور آزاد صحافت کے لیے سازگار ماحول کے فروغ کے سلسلے میں پریس کو اپنی مسلسل حمایت کا بھرپور یقین دلایا۔

مزید خبریں