اٹلی، سپین، یونان اورجنوبی یورپ کے دیگرممالک کو پاکستان کے فاضل تجارت کے حجم میں جاری مالی سال کے دوران سالانہ بنیاد پر11 فیصد اضافہ ریکارڈ کیا گیا ۔
جنوبی یورپ کو پاکستانی فاضل تجارت کے حجم میں جاری مالی سال کے دوران سالانہ بنیاد پر اضافہ

مزید خبریں
اسلام آباد۔7مئی (اے پی پی):اٹلی، سپین، یونان اورجنوبی یورپ کے دیگرممالک کو پاکستان کے فاضل تجارت کے حجم میں جاری مالی سال کے دوران سالانہ بنیاد پر11 فیصد اضافہ ریکارڈ کیا گیا ۔سٹیٹ بینک کے مطابق مالی سال کے پہلے 9 ماہ کے دوران جنوبی یورپ کے ممالک کو پاکستان کی فاضل تجارت کا حجم 1.842 ارب ڈالر ریکارڈ کیا گیا جو گزشتہ مالی سال کی اسی مدت کے مقابلے میں 11.030 فیصد زیادہ ہے،گزشتہ مالی سال کی اسی مدت میں جنوبی یورپ کے ممالک کو پاکستان کے فاضل تجارت کا حجم 1.659 ارب ڈالر ریکارڈ کیا گیا تھا۔ مالی سال کے پہلے 9 ماہ کے دوران اٹلی، سپین، یونان اورجنوبی یورپ کے دیگرممالک کو برآمدات سے ملک کو 2.434 ارب ڈالر زرمبادلہ حاصل ہوا جو گزشتہ مالی سال کی اسی مدت کے مقابلے میں 6.44 فیصد زیادہ ہے،گزشتہ مالی سال کی اسی مدت میں جنوبی یورپ کے ممالک کو برآمدات سے ملک کو 2.286 ارب ڈالر زرمبادلہ حاصل ہواتھا۔
مارچ کے دوران جنوبی یورپ کو پاکستانی برآمدات کا حجم 262.65 ملین ڈالر ریکارڈ کیا گیا جو فروری میں 250.86 ملین ڈالر اورگزشتہ سال مارچ میں 260.11 ملین ڈالر تھا۔ مالی سال 2025میں جنوبی یورپ کے ممالک کو پاکستان کی مجموعی برآمدات کا حجم 3.102 ارب ڈالر ریکارڈ کیا گیا تھا۔ اعدادوشمارکے مطابق جاری مالی سال کے پہلے 9 ماہ کے دوران جنوبی یورپ کے ممالک سے درآمدات پر 591.72 ملین ڈالر زرمبادلہ خرچ ہوا جو گزشتہ مالی سال کی اسی مدت کے مقابلے میں 6.090 فیصد کم ہے،گزشتہ مالی سال کی اسی مدت میں جنوبی یورپ کے ممالک سے درآمدات پر 627.77 ملین ڈالر زرمبادلہ خرچ ہواتھا۔
مارچ میں جنوبی یورپ کے ممالک سے درآمدات کا حجم 55.86 ملین ڈالر ریکارڈ کیا گیا جو فروری میں 70.20 ملین ڈالر اورگزشتہ سال مارچ میں 66.034 ملین ڈالر تھا۔مالی سال 2025میں جنوبی یورپ کے ممالک سے درآمدات پر 826.04 ملین ڈالر زرمبادلہ خرچ ہواتھا۔








