جنگ بندی کے اعلان کے بعد پاکستان سٹاک مارکیٹ میں تاریخی تیزی، ایس ای 100 انڈیکس میں 12 ہزار 364 پوائنٹس کا نمایاں اضافہ

مشرقِ وسطیٰ میں حالیہ کشیدگی کے بعد دو ہفتوں کیلئے جنگ بندی کے اعلان نے عالمی مالیاتی منڈیوں سمیت پاکستان سٹاک ایکسچینج میں بھی غیر معمولی مثبت اثرات مرتب کیے ہیں،

اسلام آباد۔8اپریل (اے پی پی):مشرقِ وسطیٰ میں حالیہ کشیدگی کے بعد دو ہفتوں کیلئے جنگ بندی کے اعلان نے عالمی مالیاتی منڈیوں سمیت پاکستان سٹاک ایکسچینج میں بھی غیر معمولی مثبت اثرات مرتب کیے ہیں، جہاں کاروباری ہفتے کے تیسرے روز زبردست تیزی دیکھنے میں آئی۔کاروبار کے آغاز پر کے ایس ای 100 انڈیکس میں 12 ہزار 364 پوائنٹس کا نمایاں اضافہ ریکارڈ کیا گیا، جس کے بعد انڈیکس ایک لاکھ 64 ہزار کی سطح عبور کرتے ہوئے 164,035 پوائنٹس تک پہنچ گیا۔ یہ اضافہ حالیہ عرصے میں سب سے بڑی یومیہ تیزی میں شمار کیا جا رہا ہے۔ گزشتہ کاروباری دن کے اختتام پر انڈیکس 148,594 پوائنٹس پر بند ہوا تھا۔معاشی ماہرین کے مطابق جنگ بندی کے اعلان سے عالمی سطح پر غیر یقینی صورتحال میں کمی آئی ہے، جس کے نتیجے میں سرمایہ کاروں کا اعتماد بحال ہوا اور مارکیٹ میں بڑے پیمانے پر خریداری دیکھنے میں آئی۔

اس پیشرفت کے اثرات عالمی سٹاک مارکیٹس میں بھی نمایاں رہے۔بین الاقوامی سطح پر S&P 500 فیوچرز میں 2 فیصد سے زائد اضافہ دیکھا گیا، جبکہ یورپی مارکیٹس میں 5 فیصد تک بہتری ریکارڈ کی گئی۔ ایشیائی مارکیٹس میں بھی مثبت رجحان غالب رہا، جہاں جاپان کے نکئی میں تقریباً 5 فیصد اور کوسپی 6فیصد تک بڑھ گیا۔ماہرین کا کہنا ہے کہ اگر خطے میں امن کی صورتحال برقرار رہتی ہے تو سرمایہ کاروں کا اعتماد مزید مستحکم ہو سکتا ہے، جس سے مارکیٹ میں تیزی کا رجحان جاری رہنے کا امکان ہے تاہم کسی بھی ممکنہ جغرافیائی یا سیاسی تبدیلی کی صورت میں مارکیٹ میں اتار چڑھاؤ بھی دیکھا جا سکتا ہے۔