جولائی 2026 میں ٹیکسٹائل برآمدات 8.07 فیصد بڑھ کر 1.814 ارب ڈالر ہوگئیں

پاکستان کی ٹیکسٹائل برآمدات مالی سال 27۔2026کے پہلے ماہ جولائی کے دوران گزشتہ مالی سال کے اسی عرصہ کے مقابلے میں 8.07 فیصد بڑھ کر 1.814 ارب ڈالر ہوگئیں

اسلام آباد۔19اگست (اے پی پی):پاکستان کی ٹیکسٹائل برآمدات مالی سال 27۔2026کے پہلے ماہ جولائی کے دوران گزشتہ مالی سال کے اسی عرصہ کے مقابلے میں 8.07 فیصد بڑھ کر 1.814 ارب ڈالر ہوگئیں۔ادارہ برائے شماریات پاکستان کے مطابق جولائی 2025 میں ٹیکسٹائل برآمدات 1.678 ارب ڈالر ریکارڈ کی گئیں۔اعدادوشمار کے مطابق ٹیکسٹائل مصنوعات میں کاٹن یارن کی برآمدات 18.69 فیصد اضافے سے 66.529 ملین ڈالر ہوگئیں جو گزشتہ سال جولائی میں 56.052 ملین ڈالر ریکارڈ کی گئیں۔اسی طرح نٹ ویئر کی برآمدات گزشتہ سال زیرجائزہ ماہ کی512.991 ملین ڈالر کے مقابلے میں 4.06 فیصد اضافے سے 533.836 ملین ڈالر رہیں۔بیڈ ویئر کی برآمدات 4.16 فیصد بڑھ کر 308.498 ملین ڈالر ہوگئیں جو گزشتہ سال جولائی میں 296.185 ملین ڈالر رہیں جبکہ تولیوں کی برآمدات 13.37 فیصد اضافے سے 106.364 ملین ڈالر رہیں جو گزشتہ سال 93.822 ملین ڈالر تھیں۔ریڈی میڈ گارمنٹس کی برآمدات 15 فیصد بڑھ کر 459.988 ملین ڈالر ہوگئیں جبکہ گزشتہ سال جولائی میں یہ 399.992 ملین ڈالر ریکارڈ کی گئیں۔ اعدادوشمار کے مطابق خیموں، کینوس اور ترپال کی برآمدات 16.83 فیصد اضافے سے 7.921 ملین ڈالر، جبکہ تولیوں اور بیڈ ویئر کے علاوہ دیگر تیار شدہ ٹیکسٹائل مصنوعات کی برآمدات 10.56 فیصد اضافے سے 77.209 ملین ڈالر ہوگئیں۔اس طرح دیگر تمام ٹیکسٹائل مصنوعات کی برآمدات 21.98 فیصد اضافے سے 79.461 ملین ڈالر رہیں۔دوسری جانب بعض ٹیکسٹائل مصنوعات کی برآمدات میں کمی بھی ریکارڈ کی گئی۔ کاٹن کلاتھ کی برآمدات 0.10 فیصد کمی سے 141.590 ملین ڈالر ہوگئیں جو گزشتہ سال اسی عرصہ میں 141.729 ملین ڈالر ریکارڈ کی گئیں۔کاٹن یارن کے علاوہ دیگر یارن کی برآمدات 23.26 فیصد کمی سے 2.275 ملین ڈالر رہیں جبکہ آرٹ، سلک اور مصنوعی ٹیکسٹائل کی برآمدات 8.22 فیصد کمی سے 30.406 ملین ڈالر ہوگئیں۔ماہانہ بنیادوں پر بھی جولائی 2026 میں ٹیکسٹائل برآمدات میں نمایاں اضافہ ہوا اور یہ جون 2026 کے 1.267 ارب ڈالر کے مقابلے میں 43.13 فیصد بڑھ گئیں۔

مزید خبریں