حالیہ عالمی حالات کے تناظر میں پاکستان کے ذمہ دارانہ اور موثر کردار کو ساری دنیا میں سراہا جا رہا ہے، صدر آل پاکستان انجمن تاجران

حالیہ عالمی حالات کے تناظر میں پاکستان کے ذمہ دارانہ اور موثر کردار کو ساری دنیا میں سراہا جا رہا ہے، صدر آل پاکستان انجمن تاجران

اسلام آباد۔19اپریل (اے پی پی):آل پاکستان انجمن تاجران کے مرکزی صدر اشرف بھٹی نے کہا ہے کہ حالیہ عالمی حالات کے تناظر میں پاکستان کے ذمہ دارانہ اور موثر کردار کو ساری دنیا میں سراہا جا رہا ہے، مشکل حالات میں پاکستانی قوم نے بھی حکومت کا بھرپور ساتھ دیا ،عالمی منڈی میں تیل کی قیمتوں میں ہونے والی کمی کا مکمل فائدہ عوام کو منتقل کیا جائے ۔

اتوار کو جاری اپنے ایک بیان میں اشرف بھٹی نے کہا کہ وزیر اعظم محمد شہباز شریف ، نائب وزیر اعظم محمد اسحاق ڈار اور فیلڈ مارشل سید عاصم منیر نے امریکا ایران جنگ بندی اور معاہدہ میں پیشرفت کیلئے جو کردار ادا کیا ہے اس سے ساری دنیا میں پاکستان کی بھرپور ستائش کی جارہی ہے ۔ امید ہے کہ امریکا اور ایران میں معاہدے سے امن کی فضاء قائم ہو گی جس سے ہیجان اورتذبذب کی صورتحال کا خاتمہ ہوگا ، ایندھن کی سپلائی معمول پر آنے سے قیمتوں میں کمی ہو گی جس سے عوام کو ریلیف ملے گا ۔

انہوں نے حکومت سے اپیل کی کہ چھوٹے تاجروں کیلئے آسان قرضوں کی فراہمی کو بجٹ کا حصہ بنایا جائے ،چھوٹے کاروباروں کو ریلیف دینے سے معیشت میں نئی جان ڈالی جا سکتی ہے۔