حکومت اور اپوزیشن کے درمیان مذاکرات کا پہلا دور مکمل ، دوسرا دور کل (ہفتہ) کو پارلیمنٹ ہائوس میں ہوگا، ترجمان قومی اسمبلی سیکرٹریٹ

قومی اسمبلی سیکرٹریٹ کے ترجمان نے کہا ہے کہ حکومت اور اپوزیشن کے درمیان مذاکرات کا پہلا دور مکمل ہو گیا ہے، دوسرا دور کل (ہفتہ ) کو پارلیمنٹ ہائوس میں ہوگا

اسلام آباد۔2اکتوبر (اے پی پی):قومی اسمبلی سیکرٹریٹ کے ترجمان نے کہا ہے کہ حکومت اور اپوزیشن کے درمیان مذاکرات کا پہلا دور مکمل ہو گیا ہے، دوسرا دور کل (ہفتہ ) کو پارلیمنٹ ہائوس میں ہوگا۔ قومی اسمبلی سیکرٹریٹ کے ترجمان کے مطابق جمعہ کو سپیکر قومی اسمبلی سردار ایاز صادق کی زیر صدارت حکومت اور اپوزیشن اراکین کے اجلاس کا پہلا دور ہوا۔ حکومتی وفد، پاکستان پیپلز پارٹی اور اپوزیشن اراکین کے درمیان ملک کی سیاسی صورتحال پر تفصیلی بات چیت ہوئی۔ حکومت، پیپلز پارٹی اور اپوزیشن نے اپنے موقف سے ایک دوسرے کو آگاہ کیا۔مختلف معاملات پر تحمل سے تفصیلی گفتگو ہوئی۔مذکرات کا دوسرا دور کل (ہفتہ کو) 2 بجے سپیکر چیمبر میں منعقد ہو گا۔

حکومت اور پی پی پی نے اپوزیشن کے ساتھ قومی مسائل کو مذکرات کے ذریعے حل کرنے کی ضرورت پر زور دیا۔ ترجمان نے کہا کہ سپیکر قومی اسمبلی سردار ایاز صادق نے حکومت ، پاکستان پیپلز پارٹی اور اپوزیشن کے درمیان مذکرات کرانے میں کلیدی کردار ادا کیا۔اجلاس میں وفاقی وزراء امیر مقام، رانا ثناء اللہ، محسن نقوی، طارق فضل چوہدری اور وزیرمملکت طلال چوہدری، سینیٹر شیری رحمان، اراکین قومی اسمبلی نوید قمر اور اعجاز حسین جاکھرانی جبکہ اپوزیشن رہنما بیرسٹر گوہر خان، راجہ ناصر عباس، ملک عامر ڈوگر اور سابق سپیکر اسد قیصر کے علاوہ سلمان اکرم راجہ بھی اجلاس میں شریک ہوئے۔

مزید خبریں