حکومت نے قدرتی آفات سے نمٹنے اور عوام کے جان و مال کے تحفظ کیلئے انقلابی اقدامات اٹھائے ہیں، ڈی جی پی ڈی ایم اے

ڈی جی پی ڈی ایم اے سیف انور جپہ نے انٹرنیشنل ڈیزاسٹر ریڈکشن ڈے کے موقع پر جاری اپنے ایک پیغام میں کہا ہے کہ آج دنیا بھر میں قدرتی آفات سے آگاہی کا دن منایا جا رہا ہے جبکہ پاکستان سمیت پوری دنیا کو موسمیاتی تبدیلیوں کے باعث موسمیاتی تغیر کا سامنا ہے

لاہور۔13اکتوبر (اے پی پی):ڈی جی پی ڈی ایم اے سیف انور جپہ نے انٹرنیشنل ڈیزاسٹر ریڈکشن ڈے کے موقع پر جاری اپنے ایک پیغام میں کہا ہے کہ آج دنیا بھر میں قدرتی آفات سے آگاہی کا دن منایا جا رہا ہے جبکہ پاکستان سمیت پوری دنیا کو موسمیاتی تبدیلیوں کے باعث موسمیاتی تغیر کا سامنا ہے۔انہوں نے کہا کہ سانحات جہاں نقصان پہنچاتے ہیں وہاں ہمارے لئے سبق آموز بھی ہوتے ہیں،لہذا حکومت نے قدرتی آفات سے نمٹنے اور عوام کے جان و مال کے تحفظ کیلئے انقلابی اقدامات اٹھائے ہیں،عوام کے جان و مال کا تحفظ ریاست کا اولین فریضہ ہے۔ڈی جی پی ڈی ایم اے نے کہا کہ وزیراعلی پنجاب مریم نواز شریف کی ہدایات پر پی ڈی ایم اے کی تنظیمِ نو کا عمل جاری ہے۔وزیراعلی کی ہدایات پر صوبہ بھر میں پی ڈی ایم اے کے ریلیف نیٹ ورک کو مزید وسعت دی جا رہی ہے۔انہوں نے کہا کہ پی ڈی ایم اے کا دائرہ کار صوبائی سطح سے بڑھا کر ضلعی اور تحصیل کی سطح تک پھیلایا جا رہا ہے۔تنظیمی ڈھانچے کی مضبوطی اور فیلڈ سطح پر استعدادِ کار میں اضافے سے قدرتی آفات سے نمٹنے کی صلاحیت مزید بہتر ہوگی۔انہوں نے کہا کہ وزیر اعلی مریم نواز کی ہدایت پر صوبے میں11 مزید ویئر ہاوسز قائم کئے جا رہے ہیں،جن کے قیام سے ہنگامی حالات میں امدادی سامان کی بروقت فراہمی یقینی بنائی جا سکے گی۔انہوں نے کہا کہ پنجاب سب سے بڑا صوبہ ہے اور ہم یہاں سیلاب سمیت دیگر آفات کا مقابلہ بھر پور وسائل کے ساتھ کر رہے ہیں۔ڈی جی پی ڈی ایم اے نے کہا کہ گزشتہ سال سیلاب میں انتظامیہ کے بہترین اور بروقت اقدامات سے کم سے کم جانی و مالی نقصان ہوا۔قدرتی آفات سے نمٹنے کیلئے عوام کا تعاون بھی ناگزیر ہے،کوئی بھی ملک تنہا قدرتی آفات کا مقابلہ نہیں کر سکتا۔