حکومت وزیراعظم کی ہدایت پر تعمیراتی شعبے کے لیے جامع پیکج کی تیاری پر کام کر رہی ہے، وزیر مملکت برائے خزانہ و ریونیو

وزیر مملکت برائے خزانہ و ریونیو بلال اظہر کیانی نے کہا ہے کہ حکومت وزیراعظم کی ہدایت پر تعمیراتی شعبے کے لیے جامع پیکج کی تیاری پر کام کر رہی ہے، جس کا مقصد سرمایہ کاری کو فروغ دینا، کاروباری سرگرمیوں میں آسانیاں پیدا کرنا اور روزگار کے نئے مواقع پیدا کرنا ہے، تاہم ریئل اسٹیٹ اور تعمیراتی شعبے کے لیے فی الحال کوئی ایمنسٹی سکیم زیر غور نہیں۔جمعہ کو …

اسلام آباد۔23اکتوبر (اے پی پی):وزیر مملکت برائے خزانہ و ریونیو بلال اظہر کیانی نے کہا ہے کہ حکومت وزیراعظم کی ہدایت پر تعمیراتی شعبے کے لیے جامع پیکج کی تیاری پر کام کر رہی ہے، جس کا مقصد سرمایہ کاری کو فروغ دینا، کاروباری سرگرمیوں میں آسانیاں پیدا کرنا اور روزگار کے نئے مواقع پیدا کرنا ہے، تاہم ریئل اسٹیٹ اور تعمیراتی شعبے کے لیے فی الحال کوئی ایمنسٹی سکیم زیر غور نہیں۔جمعہ کو ایوان بالا میں اظہار خیال کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ جائیداد کی خرید و فروخت پر ٹیکسوں اور دیگر اخراجات کے باعث لین دین کی لاگت میں اضافہ ہوا تھا، جس سے مارکیٹ کی سرگرمیاں متاثر ہو رہی تھیں۔

حکومت نے اس صورتحال کے پیش نظر متعلقہ ٹیکسوں کی شرح میں کمی کی ہے تاکہ جائیداد کی خرید و فروخت میں سہولت پیدا کی جا سکے اور مارکیٹ میں کاروباری سرگرمیوں کو فروغ ملے۔انہوں نے کہا کہ وزیراعظم کی معاشی ٹیم تعمیراتی شعبے کے لیے جامع پیکج پر کام کر رہی ہے، جس میں رسمی معیشت کا حصہ بننے والی تعمیراتی کمپنیوں کے مسائل حل کرنے پر خصوصی توجہ دی جا رہی ہے۔ اس ضمن میں مالی ضمانتوں، کولیٹرل کی شرائط اور سرکاری خریداری کے طریقہ کار میں بہتری سمیت کاروباری عمل کو آسان اور شفاف بنانے کے اقدامات زیر غور ہیں۔

بلال اظہر کیانی نے کہا کہ حکومت کی جانب سے شروع کی گئی ’’اپنا گھر ہاؤسنگ سکیم‘‘ کے تحت اہل پاکستانی شہری پانچ فیصد شرح سود پر ایک کروڑ روپے تک قرض حاصل کر سکتے ہیں۔ اس سکیم کا مقصد محدود وسائل اور بچت رکھنے والے افراد کو اپنا گھر خریدنے یا تعمیر کرنے میں سہولت فراہم کرنا ہے۔انہوں نے بتایا کہ سکیم کے تحت تقریباً 100 ارب روپے کے قرضوں کی منظوری دی جا چکی ہے، جبکہ تقریباً 7 ارب روپے تقسیم کیے جا چکے ہیں۔ انہوں نے امید ظاہر کی کہ اس اقدام سے تعمیراتی اور رئیل اسٹیٹ کے شعبوں میں سرگرمیوں کو فروغ ملے گا اور ان سے منسلک دیگر صنعتوں میں بھی روزگار کے مواقع پیدا ہوں گے۔

وزیر مملکت نے کہا کہ حکومت تعمیراتی شعبے میں فنانسنگ کی سہولیات بہتر بنانے اور سرمایہ کاری کے لیے سازگار ماحول پیدا کرنے کے اقدامات کر رہی ہے تاکہ رسمی معیشت کو وسعت دی جا سکے اور کاروباری سرگرمیوں میں اضافہ ہو۔انہوں نے کہا کہ بیرون ملک مقیم پاکستانیوں کے لیے روشن ڈیجیٹل اکاؤنٹ کو مزید پرکشش بنایا گیا ہے، جس کے ذریعے وہ پاکستان میں رقوم منتقل کرنے اور سرمایہ کاری کرنے کے علاوہ مقررہ شرائط کے تحت اپنی رقوم واپس منتقل کرنے کی سہولت بھی حاصل کر سکتے ہیں۔بلال اظہر کیانی نے کہا کہ حکومت کا مقصد تعمیراتی شعبے میں سرمایہ کاری کی راہ میں حائل رکاوٹوں کو دور کرنا، کاروباری عمل کو آسان بنانا اور معیشت کے مختلف شعبوں میں ترقی کے نئے مواقع پیدا کرنا ہے۔

 

مزید خبریں