اسلام آباد۔29مئی (اے پی پی):وفاقی وزیر برائے پٹرولیم علی پرویز ملک نے کہا ہے کہ حکومت پاکستان توانائی کے شعبے کو مضبوط، پائیدار اور جدید بنانے کے لیے پرعزم ہے، تمام شراکت داروں کو مل کر توانائی کا ایسا نظام تشکیل دینا ہوگا جو عوام کی ضروریات کو پورا کرتے ہوئے معیشت کو استحکام دے۔ان خیالات کا اظہار انہوں پاکستان سٹیٹ آئل (پی ایس او) ہائوس کے دورہ کے دوران …
حکومت پاکستان توانائی کے شعبے کو مضبوط، پائیدار اور جدید بنانے کے لیے پرعزم ہے، وفاقی وزیر برائے پٹرولیم علی پرویز ملک کا پاکستان سٹیٹ آئل ہائوس کا دورہ

مزید خبریں
اسلام آباد۔29مئی (اے پی پی):وفاقی وزیر برائے پٹرولیم علی پرویز ملک نے کہا ہے کہ حکومت پاکستان توانائی کے شعبے کو مضبوط، پائیدار اور جدید بنانے کے لیے پرعزم ہے، تمام شراکت داروں کو مل کر توانائی کا ایسا نظام تشکیل دینا ہوگا جو عوام کی ضروریات کو پورا کرتے ہوئے معیشت کو استحکام دے۔ان خیالات کا اظہار انہوں پاکستان سٹیٹ آئل (پی ایس او) ہائوس کے دورہ کے دوران کیا۔ ترجمان پٹرولیم ڈویژن کی جانب سے جاری اعلامیہ کے مطابق وفاقی وزیر کا یہ دورہ توانائی کے شعبے میں کلیدی شراکت داروں سے رابطے اور اشتراک کو فروغ دینے کی حکومتی کوششوں کا حصہ تھا۔
پی ایس او ہائوس پہنچنے پر پی ایس او کے بورڈ آف مینجمنٹ کے چیئرمین آصف بیگ محمد، چیف سپلائی چین آفیسر اور قائم مقام منیجنگ ڈائریکٹر عبدالصمد اور پی ایس او کی سینئر قیادت نے استقبال کیا۔دورے کے دوران وزیر پٹرولیم نے متعدد اعلیٰ سطحی اجلاسوں میں شرکت کی اور کمپنی کی کارکردگی، سپلائی چین کی مضبوطی اور ڈیجیٹل آٹومیشن کے اقدامات کا جائزہ لیا۔ وفاقی وزیر نے ملک بھر میں ایندھن کی مسلسل، مستحکم اور قابل اعتماد فراہمی کو یقینی بنانے میں پی ایس او کے کلیدی کردار کو سراہا۔ انہوں نے کمپنی کی جانب سے بنیادی ڈھانچے کی جدید کاری اور توانائی کے ابھرتے ہوئے شعبوں بالخصوص قابل تجدید توانائی میں پیش رفت کی تعریف کی۔
وفاقی وزیر علی پرویز ملک نے آئل کمپنیز ایڈوائزری کمیٹی (او سی اے سی) کے نمائندوں سے بھی ملاقات کی جن میں سیکریٹری جنرل او سی اے سی سید نذیر عباس زیدی، زبیر شیخ (سی ای او وافی انرجی)، زاہد میر (منیجنگ ڈائریکٹر پاکستان ریفائنری لمیٹڈ)، عبدالصمد (چیف سپلائی چین آفیسر پی ایس او) شامل تھے۔ ملاقات میں توانائی کے شعبے کو درپیش چیلنجز، ضابطہ جاتی اصلاحات اور پالیسی ہم آہنگی پر تفصیلی تبادلہ خیال کیا گیا تاکہ توانائی کی فراہمی کا ایک مستحکم اور محسن نظام قائم کیا جا سکے۔
ایک اور اجلاس میں وفاقی وزیر نے پٹرولیم ڈیلرز ایسوسی ایشن کے وفد سے بھی ملاقات کی جس کی قیادت چیئرمین عبدالصمد خان نے کی۔ اجلاس میں ڈیلرز کو درپیش مسائل اور منافع کی شرح کے امور زیر بحث آئے۔ وفاقی وزیر نے یقین دلایا کہ تمام مسائل کو سنجیدگی سے غور کیا جائے گا اور تعمیری مکالمے کے ذریعے حل نکالا جائے گا۔ علی پرویز ملک نے کہا کہ حکومت پاکستان توانائی کے شعبے کو مضبوط، پائیدار اور جدید بنانے کے لیے پرعزم ہے۔
آپریشنز کو بہتر بنانے کے لئے نظامی بہتری، ایندھن کے معیار میں اضافہ، متوازن ماحولیاتی نظام کی تشکیل، اخراج میں کمی اور صاف توانائی کی جانب منتقلی ہماری ترجیحات میں شامل ہیں۔ تمام شراکت داروں کو ترقی کے لئے مشترکہ عزم کے ساتھ توانائی کا ایسا نظام تشکیل دینا ہوگا جو عوام کی ضروریات کو پورا کرتے ہوئے معیشت کو استحکام دے۔
دورے کے دوران وفاقی وزیر کے ہمراہ وزارت توانائی (پٹرولیم ڈویژن) کے ایڈیشنل سیکرٹری ظفر عباس اور ڈائریکٹر/ڈپٹی سیکرٹری وقاص احمد برلاس بھی موجود تھے۔ یہ دورہ توانائی کے شعبے میں تعاون کو فروغ دینے اور ایک عوام دوست، قابل بھروسہ توانائی فریم ورک کی تشکیل میں حکومت کے عزم کی عکاسی کرتا ہے۔








