حکومت پنجاب غذائی خود کفالت اور کاشتکار کی فی ایکڑ پیداوار میں اضافے کیلئے تمام ممکنہ اقدامات کر رہی ہے، عاشق حسین کرمانی

فیصل آباد ۔ 01 دسمبر (اے پی پی):صوبائی وزیر زراعت و لائیوسٹاک سید عاشق حسین کرمانی نے کہا ہے کہ ٹھوس تحقیقاتی امور زراعت کی ترقی میں ریڑھ کی ہڈی کی حیثیت رکھتے ہیں، حکومت پنجاب زرعی شعبے کے مسائل کے حل اور فی ایکڑ پیداوار میں اضافہ کے لئے تمام ممکنہ اقدامات عمل میں لا رہی ہے تاکہ غذائی خودکفالت، زرعی خوشحالی اور تخفیف غربت کو یقینی بنایا جا …

فیصل آباد ۔ 01 دسمبر (اے پی پی):صوبائی وزیر زراعت و لائیوسٹاک سید عاشق حسین کرمانی نے کہا ہے کہ ٹھوس تحقیقاتی امور زراعت کی ترقی میں ریڑھ کی ہڈی کی حیثیت رکھتے ہیں، حکومت پنجاب زرعی شعبے کے مسائل کے حل اور فی ایکڑ پیداوار میں اضافہ کے لئے تمام ممکنہ اقدامات عمل میں لا رہی ہے تاکہ غذائی خودکفالت، زرعی خوشحالی اور تخفیف غربت کو یقینی بنایا جا سکے۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے زرعی یونیورسٹی فیصل آباد کے دورے کے دوران کیا۔ اس موقع پر سیکرٹری زراعت پنجاب افتخار علی سہو، پارلیمانی سیکرٹری اسامہ لغاری، ڈائریکٹر جنرل زرعی اطلاعات نوید عصمت، زرعی یونیورسٹی فیصل آباد وائس چانسلر پروفیسر ڈاکٹر ذوالفقار علی، ڈینز اور ڈائریکٹرز بھی موجود تھے۔ سنڈیکیٹ روم میں منعقدہ اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے سید عاشق حسین کرمانی نے زرعی یونیورسٹی کی جانب سے تحقیق اور تربیت یافتہ افرادی قوت کے حوالے سے کیے جانے والے اقدامات کو سراہا۔ انہوں نے کہا کہ پنجاب حکومت نے زرعی شعبے کے لیے اربوں روپے کے مائیکروفنانس پروگرام شروع کیے ہیں جن کا مقصد پیداواری صلاحیت میں اضافہ، چھوٹے کاشتکاروں کی معاونت اور صوبے میں جدید زرعی طریقوں کو فروغ دینا ہے۔

انہوں نے کہا کہ کسانوں کو جدید ٹیکنالوجی بشمول سیڈرز کے استعمال اور فصلوں کی باقیات جلانے سے گریز کے لیے سہولتیں فراہم کی جا رہی ہیں۔ انہوں نے زرعی یونیورسٹی کے سائنسدانوں کو ہدایت کی کہ وہ زمین کی زرخیزی کی بحالی، نامیاتی مادے سمیت زرعی چیلنجز سے نبردآزما ہونے کے لئے مختلف منصوبہ جات تیار کریں۔ انہوں نے بتایا کہ حکومت نے بہاولنگر میں فٹ اینڈ ماؤتھ ڈیزیز فری زون قائم کیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ پنجاب بھر کے کسانوں کو 10ہزارہائی پاور ٹریکٹرز سبسڈی پر فراہم کیے جا رہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ وزیر اعلیٰ پنجاب زرعی مشینری کے فروغ کے لیے فراخدلی سے وسائل فراہم کر رہی ہیں۔ کسان کارڈ حکومت کا اہم منصوبہ ہے جس کے تحت اب تک لاکھوں کسان مستفید ہو چکے ہیں۔ سیکرٹری زراعت پنجاب افتخار علی سہو نے کہا کہ زرعی یونیورسٹی فیصل آباد اور زراعت توسیع کی گندم مہم ایک سنگِ میل کی حیثیت رکھتی ہے۔ انہوں نے زرعی شعبے کی ترقی کے لیے حکومت کے عزم کا اعادہ کیا۔ انہوں نے سائنسدانوں پر زور دیا کہ وہ کاشتکاروں کے مسائل کے حل پر توجہ دیں تاکہ زرعی شعبہ ترقی کر سکے۔

انہوں نے کہا کہ جدید ٹیکنالوجیز کے عملی مظاہرے زرعی انقلاب کی جانب ایک اہم قدم ثابت ہوں گے۔ زرعی یونیورسٹی فیصل آباد کے وائس چانسلر پروفیسر ڈاکٹر ذوالفقار علی نے پنجاب حکومت کی زرعی سرگرمیوں کو سراہتے ہوئے کہا کہ زرعی گریجویٹ انٹرن شپ، گندم مہم، کسان پیکیج اور دیگر اسکیمیں زرعی ترقی کے لیے سنگِ میل ثابت ہو رہی ہیں۔ انہوں نے کہا کہ یونیورسٹی بہترین افرادی قوت، تحقیق اور آؤٹ ریچ کے ذریعے زرعی ترقی کے لیے کوشاں ہے۔ انہوں نے بتایا کہ یونیورسٹی میں بین الاقوامی مراکز قائم ہیں جن میں پاک کوریا نیوٹریشن سینٹر، ڈی-8 سینٹر، کنفیوشس انسٹیٹیوٹ، سینٹر فار ایڈوانسڈ اسٹڈیز اور سیڈ لیب شامل ہیں۔