خام تیل اور سونے کی قیمتوں میں اضافہ، اجناس کی قیمتوں میں کمی ریکارڈ

بین الاقوامی منڈیوں میں منگل کو خام تیل اور سونے کی قیمتوں میں اضافے جبکہ اجناس کی قیمتوں میں کمی کا رجحان رہا۔

اسلام آباد۔14جولائی (اے پی پی):بین الاقوامی منڈیوں میں منگل کو خام تیل اور سونے کی قیمتوں میں اضافے جبکہ اجناس کی قیمتوں میں کمی کا رجحان رہا۔ بلومبرگ کی رپورٹ کے مطابق کاروباری سرگرمیوں کے دوران ڈبلیو ٹی آئی کروڈ آئل کے اگست میں ترسیل کیلئے سودے 1.98 ڈالر اضافے سے 80.12 ڈالر فی بیرل میں طے پائے جبکہ برینٹ کروڈ کے ستمبر میں ترسیل کے معاہدے 2.65 ڈالر اضافے سے 85.95 ڈالر فی بیرل میں ہوئے۔ سونے اور چاندی کی قیمتوں میں بھی اضافے کا رجحان رہا اور سونے کی قیمت 20.40 ڈالر اضافے سے 4026.10 ڈالر فی اونس اور چاندی کی قیمت 0.37 ڈالر کے عمومی اضافے سے 58.35 ڈالر فی اونس تک پہنچ گئی۔ کاروباری سرگرمیوں کے دوران مکئی اور گندم کی قیمتوں میں کمی ریکارڈ کی گئی اور مکئی کے دسمبر میں ترسیل کے معاہدے 5.50 ڈالر کمی سے 457.75 ڈالر فی بشل اور گندم کے ستمبر میں ترسیل کیلئے معاہدے 2.25 ڈالر کمی سے 633 ڈالر فی بشل میں طے پائے۔