خدمات کے شعبے کی برآمدات میں2025-26 کے دوران سالانہ بنیاد پر 18.81 فیصد ، درآمدات میں 5.67 فیصد اضافہ ہوا،ادارہ شماریات

پاکستان کی مالی سال 2025-26 کے دوران خدمات کے شعبے کی برآمدات گزشتہ مالی سال کے اسی عرصے کے مقابلے میں 18.81 فیصد اضافے سے 10.035 ارب ڈالر تک پہنچ گئیں ، زیر جائزہ عرصے کے دوران خدمات کے شعبے کی درآمدات میں 5.67 فیصد اضافہ ریکارڈ کیا گیا

اسلام آباد۔18اگست (اے پی پی):پاکستان کی مالی سال 2025-26 کے دوران خدمات کے شعبے کی برآمدات گزشتہ مالی سال کے اسی عرصے کے مقابلے میں 18.81 فیصد اضافے سے 10.035 ارب ڈالر تک پہنچ گئیں ، زیر جائزہ عرصے کے دوران خدمات کے شعبے کی درآمدات میں 5.67 فیصد اضافہ ریکارڈ کیا گیا ۔ادارہ شماریات کے مطابق مالی سال 2025-26 کے دوران پاکستان کی خدمات (سروسز) کی برآمدات میں سالانہ بنیاد پر 18.81 فیصد اضافہ ریکارڈ کیا گیا۔ اعداد و شمار کے مطابق جولائی 2025ء تا جون 2026ء خدمات کی برآمدات 10.035 ارب ڈالر رہیں جبکہ مالی سال 2025کی اسی مدت میں خدمات کے شعبے کی برآمدات 8.446 ارب ڈالر ریکارڈ کی گئیں۔ زیر جائزہ عرصے میں خدمات کی درآمدات میں بھی 5.67 فیصد اضافہ ریکارڈ کیا گیا جو مالی سال 2025 میں 11.290 ارب ڈالر کے مقابلے میں بڑھ کر 11.929 ارب ڈالر ہو گئیں۔مالی سال 2025-26 کے دوران خدمات کے تجارتی خسارے میں 33.38 فیصد کمی ریکارڈ کی گئی اور یہ 2.843 ارب ڈالر کے مقابلے میں 1.894 ارب ڈالر رہا۔ جون 2026ء کے دوران خدمات کی برآمدات 37.20 فیصد اضافے کے ساتھ 955.91 ملین ڈالر تک پہنچ گئیں جبکہ جون 2025ء میں یہ 696.70 ملین ڈالر تھیں۔اسی عرصے میں خدمات کی درآمدات 3.48 فیصد بڑھ کر 932.81 ملین ڈالر ریکارڈ کی گئیں جبکہ جون 2025ء میں یہ 901.40 ملین ڈالر ریکارڈ کی گئیں۔ماہانہ بنیاد پر جون 2026ء میں خدمات کا تجارتی خسارہ کم ہو کر 23.09 ملین ڈالر رہ گیا جو مئی 2026ء میں 54.20 ملین ڈالر ریکارڈ کیا گیا۔اعداد و شمار کے مطابق جون 2026ء میں خدمات کی برآمدات 955.91 ملین ڈالر رہیں جبکہ مئی 2026ء میں یہ 840.49 ملین ڈالر تھیں۔دوسری جانب جون 2026ء میں خدمات کی درآمدات مئی 2026ء کے 786.29 ملین ڈالر کے مقابلے میں 18.63 فیصد اضافے کے ساتھ 932.81 ملین ڈالر ریکارڈ کی گئیں۔