وفاقی وزیر خزانہ و محصولات سینیٹر محمد اورنگزیب کی زیر صدارت خصوصی اقتصادی زونز کے بورڈ آف اپروولز (بی او اے) کے 11ویں اجلاس میں صنعتی سرمایہ کاری کے فروغ، بنیادی ڈھانچے کی فراہمی بہتر بنانے اور صنعتی اراضی کے موثر استعمال کے لیے اہم اقدامات کی منظوری دی گئی۔
خصوصی اقتصادی زونز کے بورڈ آف اپروولز کا 11واں اجلاس، کراچی انڈسٹریل پارک کو وفاقی خصوصی اقتصادی زون قرار دینے کی منظوری

مزید خبریں
اسلام آباد۔23اکتوبر (اے پی پی):وفاقی وزیر خزانہ و محصولات سینیٹر محمد اورنگزیب کی زیر صدارت خصوصی اقتصادی زونز کے بورڈ آف اپروولز (بی او اے) کے 11ویں اجلاس میں صنعتی سرمایہ کاری کے فروغ، بنیادی ڈھانچے کی فراہمی بہتر بنانے اور صنعتی اراضی کے موثر استعمال کے لیے اہم اقدامات کی منظوری دی گئی۔وزارت خزانہ کی جانب سے جمعہ کو جاری پریس ریلیز کے مطابق بورڈ نے اپنے 10ویں اجلاس کی کارروائی کی توثیق کرتے ہوئے ایجنڈے کے تین اہم امور پر غور کیا۔ اجلاس میں کراچی انڈسٹریل پارک (کے آئی پی) کو وفاقی خصوصی اقتصادی زون قرار دینے کی درخواست منظور کر لی گئی۔
مجوزہ زون کا مقصد برآمدات پر مبنی صنعتی سرمایہ کاری کو راغب کرنا، ٹیکنالوجی کی منتقلی اور مصنوعات میں ویلیو ایڈیشن کو فروغ دینا اور روزگار کے مواقع پیدا کرنا ہے۔بورڈ نے خصوصی اقتصادی زونز ایکٹ 2012 کے تحت نجی شعبے کے قائم کردہ خصوصی اقتصادی زونز کے مقررہ زیرو پوائنٹ تک یوٹیلیٹیز اور متعلقہ خدمات کی فراہمی کے لیے سرکاری فنڈز کے استعمال سے متعلق عمومی اہلیت کے معیار کی بھی منظوری دی۔ اس معیار کے تحت ہر معاملے کا الگ جائزہ لے کر سرکاری اخراجات پر سڑکوں تک رسائی، یوٹیلیٹیز اور دیگر ضروری سہولیات فراہم کرنے پر غور کیا جائے گا۔اجلاس میں پنجاب میں سرکاری شعبے کے خصوصی اقتصادی زونز اور صنعتی سٹیٹس کے لیے اراضی لیز پالیسی بھی منظور کی گئی۔ اس پالیسی کا مقصد طویل مدتی لیز کے ذریعے صنعتی سرمایہ کاری کو فروغ دینا، اراضی کے حصول پر ابتدائی مالی بوجھ کم کرنا اور سرکاری صنعتی اراضی کا بہترین استعمال یقینی بنانا ہے۔ اس کے علاوہ اہم صنعتی شعبوں اور برآمدات کی بلند استعداد رکھنے والی ابھرتی ہوئی صنعتوں میں سرمایہ کاری کی حوصلہ افزائی بھی کی جائے گی۔
یہ فیصلے صنعتی ترقی کے فروغ، سرمایہ کاری کے ماحول میں بہتری اور خصوصی اقتصادی زونز کے نظام کو مزید موثر بنانے کے لیے حکومت کے مسلسل عزم کی عکاسی کرتے ہیں۔ ان اقدامات کا مقصد نجی شعبے کی زیادہ سے زیادہ شمولیت، برآمدات پر مبنی پیداوار کی حوصلہ افزائی اور سرکاری وسائل و صنعتی اراضی کا موثر استعمال یقینی بنانا ہے۔اجلاس میں وفاقی وزیر بورڈ آف انویسٹمنٹ قیصر احمد شیخ، وفاقی وزیر منصوبہ بندی، ترقی و خصوصی اقدامات احسن اقبال، وفاقی وزیر تجارت جام کمال خان، وزیراعظم کے مشیر برائے صنعت و پیداوار ہارون اختر خان اور پنجاب کے وزیر برائے صنعت، تجارت و سرمایہ کاری شافع حسین نے شرکت کی۔ اس موقع پر وزارت خزانہ، بورڈ آف انویسٹمنٹ، خصوصی سرمایہ کاری سہولت کونسل (ایس آئی ایف سی)، وفاقی و صوبائی خصوصی اقتصادی زونز اتھارٹیز، متعلقہ وفاقی وزارتوں اور صوبائی محکموں کے اعلیٰ حکام اور متعلقہ شعبوں کے نمائندے بھی موجود تھے۔








