خصوصی سرمایہ کاری سہولت کونسل کی بدولت کراچی صنعتی پارک کی ترقی میں تیزی

کراچی۔1اکتوبر (اے پی پی):خصوصی سرمایہ کاری سہولت کونسل (ایس آئی ایف سی) کراچی انڈسٹریل پارک کی ترقی کے عمل کو تیز کر رہی ہے جو وفاقی سطح پر قائم ایک اہم خصوصی اقتصادی زون ہے۔ ایس آ ئی ایف سی کی جانب سے جاری بیان کے مطابق اس منصوبے کا مقصد کراچی میں برآمدی صنعت، سرمایہ کاری اور روزگار کے مواقع کو فروغ دے کر صنعتی سرگرمیوں کو مزید وسعت …

کراچی۔1اکتوبر (اے پی پی):خصوصی سرمایہ کاری سہولت کونسل (ایس آئی ایف سی) کراچی انڈسٹریل پارک کی ترقی کے عمل کو تیز کر رہی ہے جو وفاقی سطح پر قائم ایک اہم خصوصی اقتصادی زون ہے۔

ایس آ ئی ایف سی کی جانب سے جاری بیان کے مطابق اس منصوبے کا مقصد کراچی میں برآمدی صنعت، سرمایہ کاری اور روزگار کے مواقع کو فروغ دے کر صنعتی سرگرمیوں کو مزید وسعت دینا ہے۔کراچی انڈسٹریل پارک کی نگرانی اور عملدرآمد کے لئے ایس آئی ایف سی کے تحت وفاقی خصوصی اقتصادی زون اتھارٹی قائم کی گئی ہے جو منصوبے کی مربوط پیشرفت، سرمایہ کاروں کی سہولت اور متعلقہ امور کے بروقت حل کے لئے وفاقی و صوبائی اداروں کے ساتھ موثر رابطہ کاری کر رہی ہے۔ وفاقی خصوصی اقتصادی زون اتھارٹی کی ٹیم نے ایڈیشنل سیکرٹری ایس آئی ایف سی اور چیف ایگزیکٹو آفیسر وفاقی خصوصی اقتصادی زون اتھارٹی ساجد قاضی کی قیادت میں کراچی میں کاروباری برادری کے ساتھ آگاہی اجلاس منعقد کیا۔

اجلاس میں کراچی انڈسٹریل پارک کے سرمایہ کاری امکانات، سہولیات اور اہم امور پر تبادلہ خیال کیا گیا جبکہ کاروباری نمائندگان کے سوالات کا بھی تفصیلی جواب دیا گیا۔کاروباری برادری نے بن قاسم صنعتی پارک کے قریب طویل عرصے سے غیر استعمال شدہ اراضی کو پیداواری صنعتی سرگرمیوں کے لئے بروئے کار لانے کے اقدام کو سراہا اور کراچی میں صنعتی سرمایہ کاری کے فروغ کے لئے اس منصوبے کو اہم پیشرفت قرار دیا۔وفاقی خصوصی اقتصادی زون اتھارٹی کی ٹیم نے چیف سیکرٹری سندھ سے بھی ملاقات کی جس میں اراضی کی منتقلی، پانی کی فراہمی اور رسائی کے بنیادی ڈھانچے سے متعلق امور پر غور کیا گیا۔

ملاقات میں وفاقی اور صوبائی اداروں کے درمیان موثر رابطہ کاری کے ذریعے کراچی انڈسٹریل پارک کی ترقی سے متعلق معاملات کو تیزی سے آگے بڑھانے پر زور دیا گیا۔ایس آئی ایف سی کے تحت کراچی انڈسٹریل پارک کی ترقی کا مقصد سرمایہ کاری کے لئے سازگار صنعتی ماحول فراہم کرنا، بنیادی سہولیات کو مضبوط بنانا اور برآمدی صنعت کے فروغ کے ساتھ ساتھ روزگار کے نئے مواقع پیدا کرنا ہے۔ منصوبہ کراچی کو صنعتی و برآمدی سرگرمیوں کے مزید موثر مرکز کے طور پر مستحکم کرنے میں معاون ثابت ہوگا

مزید خبریں