خصوصی سرمایہ کاری سہولت کونسل کی بدولت پاکستان میں فٹ بال کے نئے دور کا آغاز

پرتگال کے معروف فٹ بال کلب ایف سی پورٹو اور سیالکوٹ فٹ بال اکیڈمی کے باہمی تعاون سے پاکستان میں عالمی معیار کی فٹ بال تربیت کے نئے مواقع پیدا ہوئے ہیں۔ خصوصی سرمایہ کاری سہولت کونسل (ایس آئی ایف سی)کے مطابق سیالکوٹ میں ایف سی پورٹو کے تعاون سے ڈریگن فورس اکیڈمی کے قیام کے لئے سہولت کاری خصوصی سرمایہ کاری سہولت کونسل نے کی ہے۔

اسلام آباد۔28ستمبر (اے پی پی):پرتگال کے معروف فٹ بال کلب ایف سی پورٹو اور سیالکوٹ فٹ بال اکیڈمی کے باہمی تعاون سے پاکستان میں عالمی معیار کی فٹ بال تربیت کے نئے مواقع پیدا ہوئے ہیں۔ خصوصی سرمایہ کاری سہولت کونسل (ایس آئی ایف سی)کے مطابق سیالکوٹ میں ایف سی پورٹو کے تعاون سے ڈریگن فورس اکیڈمی کے قیام کے لئے سہولت کاری خصوصی سرمایہ کاری سہولت کونسل نے کی ہے۔ڈریگن فورس ایف سی پورٹو کا نوجوانوں کی فٹ بال تربیت کا معروف پروگرام ہے جو منظم تربیتی نظام، پیشہ وارانہ کوچنگ اور کلب کے تجربے، طریقہ تربیت اور اقدار کے ذریعے نوجوان کھلاڑیوں کی صلاحیتوں کو نکھارنے پر توجہ دیتا ہے۔

پاکستان میں اس پروگرام کی توسیع سے نوجوان فٹ بالرز کو بین الاقوامی معیار کی تربیت اور عالمی سطح کے کھیل کے طریقہ کار سے استفادہ کرنے کے نئے مواقع میسر آئیں گے۔سیالکوٹ فٹ بال اکیڈمی، فارورڈ سپورٹس کا اہم منصوبہ ہے جو نوجوان فٹ بال ٹیلنٹ کی تربیت اور ترقی کے لئے ایک منظم پلیٹ فارم فراہم کرتا ہے، کھیلوں کے سامان کی صنعت میں سیالکوٹ کی عالمی شناخت اور فٹ بال سے اس شہر کی گہری وابستگی اس شراکت داری کو پاکستان میں کھیلوں کے شعبے میں بین الاقوامی تعاون کے لئے ایک موثر بنیاد فراہم کرتی ہے۔ایف سی پورٹو اور سیالکوٹ فٹ بال اکیڈمی کے درمیان یہ تعاون مختلف متعلقہ اداروں کے باہمی رابطے اور مربوط کوششوں کے ذریعے ممکن ہوا۔ ایس آئی ایف سی نے بین الاقوامی ادارے کو پاکستانی شراکت دار سے جوڑنے اور اس تعاون کو آگے بڑھانے میں سہولت کاری کا کردار ادا کیا جبکہ پاکستان ریجنل اکنامک فورم نے دونوں اداروں کو قریب لانے میں اہم کردار ادا کیا۔

اس شراکت داری کے تحت ایف سی پورٹو اپنی یورپی تربیتی مہارت، تجربے اور فٹ بال کے ترقیاتی طریقہ کار سے پاکستانی نوجوان کھلاڑیوں کی صلاحیتیں نکھارنے میں معاونت کرے گا۔ اس کے نتیجے میں نوجوان کھلاڑیوں کے ساتھ ساتھ مقامی کوچز اور کھیلوں کے منتظمین کے لئے بھی تربیت اور پیشہ وارانہ ترقی کے مواقع پیدا ہوں گے۔ ایس آئی ایف سی کی سہولت کاری اس کے اس وسیع کردار کی عکاس ہے جس کے تحت بین الاقوامی اداروں اور پاکستان کے قابل اعتماد شراکت داروں کے درمیان روابط کو فروغ دیا جاتا ہے۔

ایف سی پورٹو اور سیالکوٹ فٹ بال اکیڈمی کا تعاون پاکستان اور پرتگال کے درمیان کھیلوں اور نوجوانوں کی ترقی کے شعبوں میں روابط مضبوط بنانے کے ساتھ ساتھ بین الاقوامی اداروں کے ساتھ پاکستان کے بڑھتے ہوئے تعاون کی بھی عکاسی کرتا ہے۔سیالکوٹ میں ڈریگن فورس اکیڈمی کا قیام پاکستان میں فٹ بال کے فروغ، نوجوانوں کی صلاحیتوں کی نشوونما اور عالمی تربیتی نظام تک رسائی کے لئے ایک نیا پلیٹ فارم فراہم کرے گا۔ یہ اقدام نوجوان پاکستانی کھلاڑیوں کو اپنی صلاحیتیں بہتر بنانے، بین الاقوامی تجربات حاصل کرنے اور فٹ بال کے میدان میں نئے مواقع سے مستفید ہونے کے لئے ایک منظم راستہ فراہم کرے گا۔