خصوصی سرمایہ کاری سہولت کونسل کے اصلاحاتی اقدامات سے پاکستان میں توانائی کی پیداوار میں اضافہ

اسلام آباد۔19فروری (اے پی پی):خصوصی سرمایہ کاری سہولت کونسل (ایس آئی ایف سی) کی موثر معاونت اور اصلاحاتی اقدامات کے نتیجے میں پاکستان کے توانائی کے شعبے میں نمایاں اور تاریخی پیش رفت سامنے آ رہی ہے۔ ایس آ ئی ایف سی حکام کے مطابق توانائی کی پیداوار بڑھانے کے لیے کیے گئے عملی اقدامات کے مثبت نتائج سامنے آنا شروع ہو گئے ہیں۔ سرکاری آئل و گیس کمپنی او …

اسلام آباد۔19فروری (اے پی پی):خصوصی سرمایہ کاری سہولت کونسل (ایس آئی ایف سی) کی موثر معاونت اور اصلاحاتی اقدامات کے نتیجے میں پاکستان کے توانائی کے شعبے میں نمایاں اور تاریخی پیش رفت سامنے آ رہی ہے۔ ایس آ ئی ایف سی حکام کے مطابق توانائی کی پیداوار بڑھانے کے لیے کیے گئے عملی اقدامات کے مثبت نتائج سامنے آنا شروع ہو گئے ہیں۔

سرکاری آئل و گیس کمپنی او جی ڈی سی ایل نے یومیہ پیداوار میں اضافے کے لیے غیر ملکی کمپنیوں کے ساتھ معاہدوں اور جدید تکنیکی طریقوں کو اپناتے ہوئے اہم پیش رفت کی ہے۔ اسی سلسلے میں او جی ڈی سی ایل نے کنڑ اور پاساکھی آئل فیلڈز میں جدید واٹر انجیکشن سسٹمز کی تنصیب کے لیے فرانسیسی کمپنی SNF S.A. کے ساتھ ایک اہم معاہدہ کیا ہے۔اس معاہدے کے تحت ان فیلڈز کی مجموعی پیداوار میں تقریباً 9 ملین بیرل تیل اور 3 بلین کیوبک فٹ گیس کا اضافہ متوقع ہے، جس سے اندازاً 460 ملین ڈالر کی آمدنی حاصل ہو سکے گی۔

اس کے ساتھ ساتھ جدید تکنیکی اقدامات کے ذریعے خام تیل کی یومیہ پیداوار کو 750 بیرل تک بڑھا دیا گیا ہے۔ان اقدامات کا بنیادی مقصد پرانی آئل فیلڈز کی اضافی استعداد کو موثر انداز میں استعمال میں لانا اور ملکی وسائل سے زیادہ سے زیادہ فائدہ اٹھانا ہے۔

توانائی کی پیداوار میں یہ خاطر خواہ اضافہ نہ صرف خود انحصاری کے سفر کو تیز کرے گا بلکہ قومی خود کفالت اور معاشی استحکام کو بھی مضبوط بنیادیں فراہم کرے گا۔ماہرین کے مطابق ایس آئی ایف سی کی موثر رہنمائی اور ادارہ جاتی ہم آہنگی کے باعث توانائی کے شعبے میں یہ پیش رفت ملکی ترقی کے لیے ایک مثبت اور حوصلہ افزا قدم ثابت ہو رہی ہے۔