خواجہ سراء اللہ کی مخلوق ہیں ، مذہبی و سیاسی جماعتیں خواجہ سرائوں کے حقوق کی مخالف نہیں، حافظ طاہر محمود اشرفی

اسلام آباد۔26ستمبر (اے پی پی):چیئرمین پاکستان علماء کونسل حافظ طاہر محمود اشرفی نے کہا ہے کہ خواجہ سراء اللہ کی مخلوق ہیں ، ان کو ان کے مکمل حقوق ملنے چاہئیں ، مذہبی و سیاسی جماعتیں خواجہ سرائوں کے حقوق کی مخالف نہیں، مرد و عورت کے خواجہ سراء بننے کے خلاف ہیں، ٹرانس جینڈر ایکٹ کے حوالہ سے جمعیت علماء اسلام کی طرف سے تیار کردہ بل و ترامیم کا خیر مقدم کریں گے ۔ بل چار سال قبل پاس ہوا حکومت کی طرف سے ترامیم کیلئے کمیٹی بنانے کی تجویز درست سمت قدم ہے ۔

یہ بات انہوں نے پیر کو علماء و مشائخ سے گفتگو کرتے ہوئے کہی ۔ اس موقع پر علامہ عبد الحق مجاہد ، مولانا نعمان حاشر ، مولانا محمد شفیع قاسمی ، مولانا طاہر عقیل اعوان، علامہ طاہر الحسن، مولانا محمد اشفاق پتافی، مولانا اسد اللہ فاروق ، علامہ زبیر عابد ، مولانا اسلم صدیقی، مولانا سعد اللہ لدھیانوی ، مولانا عزیز اکبر قاسم اور دیگر بھی موجود تھے ۔

حافظ محمد طاہر محمود اشرفی نے کہا کہ پاکستان کا آئین کسی بھی غیر شرعی قانون کی اجازت نہیں دیتا، ٹرانس جینڈر ایکٹ چار سال قبل منظور ہوا جس میں سب کی کوتاہی شامل ہے ۔ ٹرانس جینڈر ایکٹ آئین پاکستان اور شریعت اسلامیہ کے خلاف جو ترامیم ہیں ان کے حل کیلئے وزیر قانون نے مشترکہ کمیٹی بنانے کی تجویز دی ہے اس پر عمل ہونا چاہئے۔