وزیر دفاع خواجہ محمد آصف (نشان امتیاز ) نے سیالکوٹ چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری کا دورہ کیا، جہاں شہر میں بنیادی ڈھانچے کی بہتری اور صنعتی ترقی سے متعلق اہم امور پر تبادلہ خیال کیا گیا۔ اس دوران سیالکوٹ، کھاریاں موٹروے کی جلد تکمیل، سیالکوٹ ایکسپورٹ پروسینگ زون کی توسیع، جدید بس اسٹینڈ کا قیام اور شہر میں ٹریفک کی روانی بہتر بنانے کے اقدامات شامل تھے۔ وزیر دفاع …
خواجہ محمد آصف کا سیالکوٹ چیمبر کا دورہ، شہر میں بنیادی ڈھانچے کی بہتری و صنعتی ترقی سے متعلق اہم امور پر تبادلہ خیال

مزید خبریں
سیالکوٹ۔ 17 اکتوبر (اے پی پی):وزیر دفاع خواجہ محمد آصف (نشان امتیاز ) نے سیالکوٹ چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری کا دورہ کیا، جہاں شہر میں بنیادی ڈھانچے کی بہتری اور صنعتی ترقی سے متعلق اہم امور پر تبادلہ خیال کیا گیا۔ اس دوران سیالکوٹ، کھاریاں موٹروے کی جلد تکمیل، سیالکوٹ ایکسپورٹ پروسینگ زون کی توسیع، جدید بس اسٹینڈ کا قیام اور شہر میں ٹریفک کی روانی بہتر بنانے کے اقدامات شامل تھے۔ وزیر دفاع کے ہمراہ صوبائی وزیر محنت و انسانی وسائل محمد منشاء اللہ بٹ اور رکن صوبائی اسمبلی فیصل اکرم بھی موجود تھے۔
اس موقع پر سیالکوٹ چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری کے صدر خاور حسین سپال نے شہر کے بنیادی ڈھانچے کی ترقی اور کاروباری برادری کے مسائل کے حل کے لیے وفاقی وزیر خواجہ محمد آصف کی کوششوں کو سراہا۔ انہوں نے بالخصوص صوبائی انفراسٹرکچر سیس، ایکسپورٹ میسیلیٹیشن اسکیم ، سیالکوٹ ٹینری زون منصوبے اور لاہور ، سیالکوٹ موٹر وے کے قیام کے سلسلہ میں خواجہ محمد آصف کی خدمات کو قابل تحسین قرار دیا۔ وزیر دفاع خواجہ محمد آصف نے کاروباری برادری کے اس مثبت کردار کو سراہا جو سیالکوٹ کا بین الا قوامی تشخص اجاگر کرنے اور ملکی معیشت میں شہر کی خدمات کو نمایاں کرنے کے لیے ادا کیا جارہا ہے۔
انہوں نے کہا کہ شہر کی صنعتی ضروریات پوری کرنے، سڑکوں کو بہتر بنانے اور شہریوں کو جدید سہولیات فراہم کرنے کے لیے مختلف ترقیاتی منصوبوں پر پیش رفت ضروری ہے۔انہوں نے سیالکوٹ، کھاریاں موٹروے کی جلد تکمیل کے عزم کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ اس کے بعد کھاریاں، راوت موٹر وے سیکشن پر پیش رفت کی جائے گی۔ انہوں نے سیالکوٹ ایکسپورٹ پروسیسنگ زون کو وسعت دینے کی ضرورت پر بھی بات کی تاکہ صنعتی یونٹس کے قیام کے لیے جدید سہولیات فراہم کی جاسکیں اورانہیں بڑی شاہراہوں اور ہوائی اڈوں تک بہتر رسائی حاصل ہو ۔ اجلاس میں سیالکوٹ میں بہتر تفریحی سہولیات اور ایک بس اسٹینڈ کے قیام پر بھی تبادلہ خیال کیا گیا، جس کا مقصد عوامی ٹرانسپورٹ کے نظام کو بہتر بنانا اور شہر میں داخل ہونے والی بھاری ٹریفک کے باعث پیدا ہونے والے رش میں کمی لانا ہے۔
خواجہ محمد آصف نے سیالکوٹ کے شہریوں کو جدید طبی سہولیات کی مقامی سطح پر فراہمی کے حوالے سے اپنے وژن کا بھی اظہار کیا۔ انہوں نے بتایا کہ مریضوں کو خصوصی علاج کے لیے دوسرے شہروں کا سفر کرنے کی ضرورت کم کرنے کے لیے سیالکوٹ میں امراض قلب اور کینسر کے جدید علاج کی سہولیات متعارف کرانے کی کوششیں جاری ہیں۔انہوں نے اس بات پر زور دیا کہ یہ اقدامات سیالکوٹ کی برآمدات پر مبنی صنعتی معیشت کے لیے خصوصی اہمیت رکھتے ہیں، کیونکہ بہتر ٹرانسپورٹ روابط ، جدید صنعتی سہولیات اور شہری بنیادی ڈھانچے میں بہتری سے کاروبار کو وسعت دینے، سرمایہ کاری بڑھانے اور مصنوعات کی ترسیل کو آسان بنانے میں مدد مل سکتی ہے۔
وفاقی وزیر نے کاروباری برادری کو آپریشن بنیان المرصوص اور دہشت گردی کے خلاف دیگر کارروائیوں کے دوران پاک افواج کی کار کردگی اور قربانیوں کے بارے بھی آگاہ کیا۔ انہوں نے دیگر ممالک کے ساتھ دفاعی تعاون کے معاہدوں سمیت متعلقہ بین الا قوامی پیش رفت پر بھی تبادلہ خیال کیا۔ سیالکوٹ چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری کے صدر خاور حسین سپال نے وفاقی وزیر کی چیمبر آمد اور کاروباری برادری سے ملاقات پر ان کا شکر یہ ادا کیا۔ انہوں نے اس اعتماد کا اظہار کیا کہ سیالکوٹ کے برآمد کنند گان پاکستان کے لیے قیمتی زر مبادلہ کمانے، ملکی برآمدات کو فروغ دینے اور عالمی منڈیوں میں پاکستان کا مثبت تشخص اجاگر کرنے میں اپنا اہم کردار جاری رکھیں گے۔







