24.9 C
Islamabad
جمعرات, اپریل 24, 2025
ہومعلاقائی خبریںخیبرپختونخوااسمبلی کا اجلاس،فلسطینی عوام کے ساتھ اظہاریکجہتی سمیت پانچ قراردادوں کی منظوری

خیبرپختونخوااسمبلی کا اجلاس،فلسطینی عوام کے ساتھ اظہاریکجہتی سمیت پانچ قراردادوں کی منظوری

- Advertisement -

پشاور۔ 23 اپریل (اے پی پی):خیبرپختونخوااسمبلی نے افغانستان کیساتھ براہ راست وبامعنی مذاکرات کیلئے صوبائی حکومت کوبااختیاربنانے اور افغان مہاجرین کی وطن واپسی کیلئے مقررہ تاریخ میں توسیع اورفلسطینی عوام کے ساتھ اظہاریکجہتی سمیت پانچ قراردادوں کی متفقہ طو رپرمنظوری دیدی۔بدھ کے روز اسمبلی اجلاس کے دوران حکومتی رکن شرافت اللہ نے قراردادپیش کی جس کے متن کے مطابق صوبہ خیبرپختونخواگزشتہ کئی دہائیوں سے دہشتگردی کاشکار رہاہے ،اس دوران پولیس اورصوبے کے عوام نے اپنی جانوں کے نذرانے پیش کئے ہیں ،

اسمبلی مطالبہ کرتی ہے کہ وفاقی حکومت صوبائی حکومت کو بااختیار بنائے کہ وہ افغانستان کے ساتھ براہ راست اوربامعنی مذاکرات کے ذریعے تمام مسائل کے پائیدار حل کیلئے موثرکرداراداکرے تاکہ خطے میں دیرپاامن اورخوشحالی کویقینی بنایاجاسکے ،اپنی دوسری قراردادمیں شرافت اللہ نے کہاکہ وفاقی حکومت افغان مہاجرین کی واپسی کیلئے مقررہ حتمی مدت میں مناسب توسیع کی جائے تاکہ انہیں باعزت اورمنظم طریقہ سے وطن واپسی کا موقع مل سکے ۔

- Advertisement -

حمیدالرحمن نے قراردادپیش کرتے ہوئے کہاکہ 2020-21میں اے آئی پی سکیم کے تحت سابقہ فاٹامیں سٹاف کی کمی پوراکرنے کیلئے سپشلسٹ میڈیکل افیسر،ایمرجنسی میڈیکل افیسر،نرسنگ اورپیرامیڈیکس بھرتی ہوئے تھے یہ لوگ ایمانداری اور محنت کے ساتھ اپنی ڈیوٹیاں سرانجام دے رہے ہیں چارسال گزرنے کے بعد دیگرپراجیکٹس ملازمین کی طرح وہ ریگولرائزیشن کے منتظر ہیں لہذایہ اسمبلی سفارش کرتی ہے کہ ان ملازمین کو مستقل کیاجائے۔ایم پی اے عبیدالرحمن نے اپنی اقراردادمیں کہاکہ دیرکی کل آبادی ساڑھے سولہ لاکھ نفوس پرمشتمل ہے جس میں آٹھ لاکھ سے زائد لوگ موبائل استعمال کرتے ہیں ،

دیرکے لوگ ماہانہ طور پر ساڑھے بائیس کروڑ جبکہ سالانہ طور پر دو ارب 67کروڑسے زائد رقم ٹیلی کام کمپنیوں کو اداکررہے ہیں تاہم بدقسمتی سے دیرلوئرمیں سروس غیرمعیار ی ہے جس سے عوام بالخصوص طلبہ کا سرمایہ اور قیمتی وقت ضائع ہورہاہے لہذا نیٹ ورک اورانٹرنیٹ خدمات کی بہتری کیلئے فوری اقدامات کئے جائیں،

عبدالاسلام آفریدی نے فلسطین کے حوالے سے مشترکہ قراردادپیش کرتے ہوئے کہاکہ کئی مہینوں سے نہتے فلسطینی عوام بدترین بمباری، قتل عام اور انسانی حقوق کے سنگین جرائم کاشکا رہیں بحیثیت پاکستانی ومسلمان ان مظالم کی مذمت کرتاہوں اور مطالبہ کرتاہوں کہ فلسطینی عوام کی آزادی اورآزادریاست کے قیام کیلئے سفارتی سطح پر آوازبلند کی جائے،ان کمپنیوں اور مصنوعات کابائیکاٹ کیاجائے جواسرائیل کی مالی مدد کررہی ہیں،یہ ایوان مظلوموں کے حق میں آوازبلندکرے۔

 

Short Link: https://urdu.app.com.pk/urdu/?p=586706

- Advertisement -
متعلقہ خبریں
- Advertisment -

مقبول خبریں