خیبر پختونخوا میں آئین کے آرٹیکل 245 کے تحت پاک فوج کی تعیناتی کی منظوری، باضابطہ نوٹیفکیشن جاری

وفاقی حکومت نے صوبہ خیبر پختونخوا میں امن و امان کے قیام، شہریوں کے جان و مال کے تحفظ اور سرکاری تنصیبات کی سیکیورٹی کے لیے سول انتظامیہ کی مدد کی خاطر پاک فوج کے دستوں اور وسائل کی تعیناتی کی باضابطہ منظوری دے دی ہے۔

اسلام آباد۔11اکتوبر (اے پی پی):وفاقی حکومت نے صوبہ خیبر پختونخوا میں امن و امان کے قیام، شہریوں کے جان و مال کے تحفظ اور سرکاری تنصیبات کی سیکیورٹی کے لیے سول انتظامیہ کی مدد کی خاطر پاک فوج کے دستوں اور وسائل کی تعیناتی کی باضابطہ منظوری دے دی ہے۔

اس سلسلے میں وزارتِ داخلہ و انسدادِ منشیات نے باقاعدہ نوٹیفکیشن جاری کر دیا ہے۔نوٹیفکیشن کے مطابق وفاقی حکومت نے پاکستان کے آئین کے آرٹیکل 245 کے تحت حاصل اختیارات کو بروئے کار لاتے ہوئے اور سابقہ تمام احکامات کو کالعدم قرار دیتے ہوئے یہ فیصلہ کیا ہے۔

یہ تعیناتی آئین کے آرٹیکل 232 اور 234 کے تحت 11 اکتوبر 2026 کو جاری کردہ حکم نامے کی مدت تک نافذ العمل رہے گی۔گورنر خیبر پختونخوا جنرل ہیڈکوارٹرز کے ملٹری آپریشنز ڈائریکٹوریٹ کے ساتھ باہمی مشاورت سے مطلوبہ مقاصد کے لیے فوج کے ضروری دستوں اور اثاثوں کی تعداد کا تعین کریں گے۔