داتا دربار میگا پراجیکٹ عالمی تعمیراتی معیار کا شاہکار ثابت ہوگا، ڈاکٹر احسان بھٹہ

سیکرٹری/چیف ایڈمنسٹریٹر اوقاف پنجاب ڈاکٹر احسان بھٹہ نے کہا ہے کہ داتا دربار میگا پراجیکٹ عالمی تعمیراتی معیار کا شاہکار ثابت ہوگا، جبکہ حکومت پنجاب کے ترقیاتی اقدامات اور متعلقہ اداروں کی مشترکہ کاوشوں سے داتا دربار کے اطراف کے علاقے کا منظرنامہ نمایاں طور پر تبدیل ہو چکا ہے۔

لاہور۔14اکتوبر (اے پی پی):سیکرٹری/چیف ایڈمنسٹریٹر اوقاف پنجاب ڈاکٹر احسان بھٹہ نے کہا ہے کہ داتا دربار میگا پراجیکٹ عالمی تعمیراتی معیار کا شاہکار ثابت ہوگا، جبکہ حکومت پنجاب کے ترقیاتی اقدامات اور متعلقہ اداروں کی مشترکہ کاوشوں سے داتا دربار کے اطراف کے علاقے کا منظرنامہ نمایاں طور پر تبدیل ہو چکا ہے۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے مزار حضرت علی ہجویری المعروف حضرت داتا گنج بخش پر جاری ترقیاتی منصوبوں کا جائزہ لینے کے لیے ہجویری ہال میں منعقدہ اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے کیا۔ انہوں نے کہا کہ نائب وزیر اعظم و وزیر خارجہ پاکستان اسحاق ڈار، وزیر اعلی پنجاب مریم نواز شریف اور چیف سیکرٹری پنجاب زاہد اختر زمان اس عظیم روحانی مرکز کی ترقی اور جاری میگا پراجیکٹ کی بروقت تکمیل پر خصوصی توجہ دے رہے ہیں۔ قبل ازیں ڈاکٹر احسان بھٹہ نے مزار پر حاضری دی، فاتحہ خوانی کی اور ملک و قوم کی سلامتی، استحکام، امن، خوشحالی اور ترقی کے لیے خصوصی دعا کی۔ڈاکٹر احسان بھٹہ نے کہا کہ حکومت پنجاب کی جانب سے داتا دربار اور اس کے اطراف میں ترقیاتی کاموں کا مقصد اس اہم روحانی مرکز کو جدید شہری سہولیات سے آراستہ کرنا، زائرین کی آمدورفت کو آسان بنانا اور علاقے کو بہتر، صاف ستھرا اور خوب صورت ماحول فراہم کرنا ہے۔ منصوبے کے بیرونی حصے میں مکمل ہونے والے ترقیاتی کاموں میں پیزا، پارکنگ کی سہولت، پیدل چلنے والوں اور گاڑیوں کے لیے انڈر پاسز، واش رومز، پارک و گرین اسپیسز اور جدید لائٹنگ شامل ہیں۔ ان سہولیات سے علاقے کی مجموعی شہری ساخت اور آمدورفت میں بہتری آئی ہے، جبکہ زائرین اور شہریوں کے لیے زیادہ منظم ماحول کی فراہمی ممکن ہوئی ہے۔ ان ترقیاتی اقدامات میں حکومت پنجاب کے ساتھ ٹیپا ، لاہور ڈویلپمنٹ اتھارٹی اور کمیونیکیشن اینڈ ورکس ڈیپارٹمنٹ بطور متعلقہ عمل درآمد کرنے والے ادارے اپنا کردار ادا کر رہے ہیں۔اجلاس میں داتا دربار کمپلیکس میں جاری دو الگ الگ منصوبوں کا تفصیلی جائزہ لیا گیا۔ پہلا منصوبہ مدینہ فاونڈیشن کی جانب سے مرکزی مزار کے بالائی حصے، یعنی مین شائن، پر جاری کام سے متعلق تھا، جبکہ دوسرا محکمہ اوقاف اور بلڈنگ ڈیپارٹمنٹ کا میگا پراجیکٹ تھا۔ اجلاس کے دوران دونوں منصوبوں کی مجموعی پیش رفت، مکمل ہونے والے کاموں، جاری تعمیراتی سرگرمیوں، باقی ماندہ کاموں، تکمیل کے آئندہ مراحل اور متعلقہ تکنیکی و انتظامی امور پر تفصیلی تبادلہ خیال کیا گیا۔ متعلقہ حکام نے منصوبوں کی موجودہ صورت حال، تعمیراتی رفتار اور آئندہ کے لائحہ عمل کے حوالے سے بریفنگ دی، جبکہ درپیش مسائل اور کام میں تیزی لانے کے لیے ضروری اقدامات کا بھی جائزہ لیا گیا۔اجلاس میں مدینہ فاونڈیشن کی جانب سے اسلم ترین اور عارف سوریا، جبکہ انجم فیض کی جانب سے شہزاد نے شرکت کی۔ محکمہ اوقاف کی نمائندگی ڈائریکٹر پراجیکٹس رفیق نوروٹو، ایڈمنسٹریٹر داتا دربار محمد علی خان اور ایس ڈی او رانا زوہیب نے کی۔ بلڈنگ ڈیپارٹمنٹ کی جانب سے سپرنٹنڈنگ انجینئر بلڈنگ عیسی بن معین، ایکسین فہد نوید اور ایس ڈی او حذیفہ اجلاس میں شریک ہوئے۔

مزید خبریں