درآمدات میں انڈر انوائسنگ کے خلاف کارروائی کی جائے ،صدرکامرس اینڈ انڈسٹری

لاہور۔18اکتوبر (اے پی پی):سارک چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری کے سابق صدر افتخار علی ملک نے درآمدات میں انڈر انوائسنگ کے خلاف ملک گیر فوری کارروائی کا مطالبہ کیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ اس غیر قانونی طریق کار سے قومی معیشت کو بھاری نقصان پہنچ رہا ہے، ملکی صنعت متاثر ہو رہی ہے اور قومی خزانے کو محصولات کی مد میں بڑے خسارے کا سامنا ہے۔ ایک بیان میں …

لاہور۔18اکتوبر (اے پی پی):سارک چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری کے سابق صدر افتخار علی ملک نے درآمدات میں انڈر انوائسنگ کے خلاف ملک گیر فوری کارروائی کا مطالبہ کیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ اس غیر قانونی طریق کار سے قومی معیشت کو بھاری نقصان پہنچ رہا ہے، ملکی صنعت متاثر ہو رہی ہے اور قومی خزانے کو محصولات کی مد میں بڑے خسارے کا سامنا ہے۔

ایک بیان میں انہوں نے کہا کہ درآمدی اشیا کی قیمتیں کم ظاہر کرنے سے کسٹمز ڈیوٹی اور ٹیکسوں کی وصولی میں کمی آتی ہے، جبکہ ایسی اشیا مقامی منڈیوں میں مصنوعی طور پر کم قیمت پر فروخت ہوتی ہیں۔ اس غیر منصفانہ مسابقت سے ملکی صنعت کاروں کی حوصلہ شکنی، صنعتی سرمایہ کاری میں کمی اور مقامی مصنوعات کی مسابقتی صلاحیت متاثر ہوتی ہے۔

انہوں نے حکومت پر زور دیا کہ درآمدی لین دین کی موثر نگرانی، کسٹمز قوانین پر سختی سے عمل درآمد اور متعلقہ اداروں کے درمیان بہتر رابطہ یقینی بنایا جائے۔ انہوں نے ایف بی آر سے مطالبہ کیا کہ درآمدی دستاویزات کی شفاف جانچ پڑتال کرکے اشیاء کی قیمتیں جان بوجھ کر کم ظاہر کرنے والوں کے خلاف کارروائی کی جائے۔

انہوں نے پاکستان چین سرحد پر انڈر انوائسنگ کی روک تھام کے لیے دونوں ممالک کے درمیان تعاون بڑھانے پر بھی زور دیا۔ ان کے مطابق الیکٹرانک ڈیٹا شیئرنگ کے موثر استعمال سے تجارتی بے ضابطگیوں کی نشاندہی اور محصولات کے نقصان کو کم کیا جا سکتا ہے۔ اس اقدام سے قومی آمدن بڑھے گی، ملکی صنعت کو تحفظ ملے گا اور پائیدار معاشی ترقی کو فروغ حاصل ہوگا۔